حکومت کو سمجھ نہیں آرہی، معیشت کو کس طرح بہتر کیا جائے، ثروت اعجاز

21 جون ، 2022

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ حکومت کو سمجھ نہیں آرہی معیشت کو کس طرح بہتر بنایا جائے، مہنگائی عروج پر بجلی غائب کاروبار بند کرنے جیسے فیصلے سمجھ سے بالا تر ہیں، ملک کے عوام معاشی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ مرکز اہلسنت پر بلدیہ ٹاؤن سے آئے ہوئے معززین کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کی بجائے ایسے فیصلے کیئے جارہے ہیں کہ غریب بھوک و افلاس سے تنگ آکر خود کشی کرنے پر مجبور ہوجائے، مہنگائی کی یہ صورتحال رہی تو خودکشی و جرائم میں اضافہ ہوگا حکومت ایسی معاشی پالیسیوں سے اجتناب کرے جس سے غریب متاثر ہوتا ہو، ثروت اعجا قادری کا کہنا تھا کہ ملک کے عوام مہنگائی و بے روزگاری کے ہاتھوں فاقوں کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں حکمرانوں کے روز بروز مہنگائی کے اقدامات نے غربت میں تیزی سے اضافہ کیا ہے ۔