پیپلزپارٹی این اے 240 میں 6 نمبر کی پارٹی بن گئی، شہزاد قریشی

21 جون ، 2022

کراچی (جنگ نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے رکن سندھ اسمبلی شہزاد قریشی نے بجٹ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہےکہ سندھ حکومت کے پاس بجٹ پر کچھ کہنے کو نہیں ہے، ہر ڈپارٹمنٹ میں کارکردگی صفر ہے، سول اسپتال میں پنکھے ، ایمبولینسز نہیں ہیں، اداروں میں سیاسی بھرتیاں کی جارہی ہیں، ہیلتھ، ٹرانسپورٹ اور ایجوکیشن تباہ ہوچکی ہے، گرین لائن اور فائر ٹینڈرز کا تحفہ عمران خان نے دیا، پیپلزپارٹی این اے 240 میں 6 نمبر کی پارٹی بن گئی ہے، مہنگائی پر اب اِن کو اسلام آباد نہیں امریکا تک احتجاج کرنا چاہئے، پولیس کو سیاسی طور پر استعمال کیا جارہا ہے، پولیس اور ڈی سیز وزیراعلیٰ کیلئے نوکری کررہے ہیں، سندھ حکومت کا ڈی ایچ اے اور کلفٹن کیلئے پانی کی لائن کا وعدہ بھی جھوٹ ثابت ہوا، علاوہ ازیں شہزاد قریشی نے گزشتہ دِنوں سندھ اسمبلی میں ایک قرار داد پیش کی ہے جس میں اُنہوں نے کراچی بالخصوص ڈی ایچ اے اور کلفٹن میں جرائم کی بڑھتی وارداتوں پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے قانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔