PTI کا نیب ترامیم سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

21 جون ، 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)تحریک انصاف کے رہنماء وسابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے نیب قوانین میں ترامیم کو سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ حکومت نے خود کو این آر او دے کر احتساب ختم کردیا‘نیب ترامیم سے نواز، شہباز، مریم ، زرداری اور بلاول پر سے کرپشن کیسز ختم ہوجائیں گے‘آئی ایم ایف سے ان کی ڈیل نہیں ہورہی اس لئے مہنگائی ہے‘ان کا وزیر خزانہ امریکی سفیرسے کہتاہے ہمارامعاہدہ کرائیں ‘ یہ اتنے نالائق ہیں کہ انہیں سمجھ ہی نہیں آرہاکہ کرنا کیا ہے ؟۔پیرکو پریس کانفرنس میں فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ڈر لگ رہاہے کہ یہ ملک کو کس طرف لیکرجائیں گے؟پاکستان سری لنکا جیسی صورتحال کا متحمل نہیں ہوسکتا۔نیب قوانین میں تبدیلی کے حوالے سے فواد چوہدری نے کہا کہ یہ دوسرا این آراو ہے جو شریف اور زرداری فیملی ریاست سے لے رہی ہے۔