آرمی چیف کی CMH آمد، دانیال عزیز کی عیادت، خیریت دریافت کی

21 جون ، 2022

راولپنڈی(خبرایجنسی)مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما دانیال عزیز کی طبیعت میں بہتری آ رہی ہے، اہلیہ دانیال عزیز نے لیگی رہنما کی حالت خطرے سے باہر ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ سی ایم ایچ میں دانیال عزیز کا بہترین علاج جاری ہے، آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی دانیال عزیز کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔ پیر کو رکن قومی اسمبلی مہناز اکبر عزیز نے بتایا کہ دانیال عزیز کا سی ایم ایچ راولپنڈی میں علاج جاری ہے، دانیال عزیز کی حالت اب خطرے سے باہر ہے ،اسپتال میں ان کا بہترین علاج ہورہا ہے، لوگوں کی دعاوں سے دانیال عزیز کو نئی زندگی ملی ہے ۔میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے مہناز اکبر عزیز نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی دانیال عزیز کی عیادت کی، آرمی چیف نے ان کی اہلیہ رکن قومی اسمبلی مہناز اکبر عزیز اور بیٹے میکال عزیز سے ملاقات کی، جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ہمارے ڈاکٹرز پاک فوج کا آثاثہ ہیں اور ہمیں ان پر فخر ہے، دانیال عزیز قوم کا اثاثہ ہیں ان کی جلد صحت یابی کے ہے دعا گو ہوں۔ مہناز اکبر عزیز کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ہسپتال کے ڈاکٹروںکو ہدایت کی ہے کہ دانیال عزیز کے علاج میں کوئی کسر باقی نہ چھوڑی جائے۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رہنما دانیال عزیز چند دن قبل ٹریفک حادثہ میں زخمی ہو گئے تھے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔