آشیانہ،رمضان شوگر ملز ریفرنسز، وزیراعظم شہباز کی مستقل حاضری، معافی کی درخواست منظور

21 جون ، 2022

لاہور (نمائندہ جنگ)احتساب عدالت نے رمضان شوگر ملز کیس میں وزیراعظم شہباز شریف کی مستقل حاضری سے استثنی کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت 5 جولائی تک ملتوی کردی۔احتساب عدالت میں وزیر اعظم شہبازشریف اوروزیراعلی پنجاب کیخلاف آشیانہ ہائوسنگ اور رمضان شوگرملز کیس کی سماعت ہوئی۔وزیراعظم شہبازشریف احتساب عدالت میں پیش ہوئے تاہم وزیراعلی پنجاب نے حاضری معافی کی درخواست دائر کردی۔دوران سماعت وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ قومی ذمہ داریاں نبھا رہا ہوں اس لئے استثنیٰ کی درخواست دی،احتساب عدالت میں ملزمان کی حاضری سے مستقل استثنی کی درخواست پر دلائل دیئے گئے ۔ وکیل وزیراعظم امجد پرویز نے کہا کہ موکل بیرون ملک گئے توعدالت انکومستقل حاضری معافی دے چکی ہے، اس وقت شہباز شریف کا پلیڈر ایڈووکیٹ محمد نواز کو مقرر کیا گیا تھا۔شہباز شریف کے وکیل نے مزید کہا کہ عدالت نے جب طلب کیا تب شہبازشریف پیش ہوئے، استدعا ہے کہ عدالت شہبازشریف کی مستقل حاضری معافی کی درخواست منظور کرے۔