IMFوفد کا معاشی بحران سے دوچار سری لنکا کا دورہ ، بیل آئوٹ پر مذاکرات

21 جون ، 2022

کولمبو( خبرایجنسی) بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) کا ایک وفد بیل آؤٹ(ملک کو معاشی بحران سے نکالنے کے) پروگرام پر بات چیت کے لیے پیر کو سری لنکا ایک ایسے وقت پہنچا ، جب وہاں ایندھن کے ذخائر ختم ہونے میں محض چند دن باقی رہ گئے ہیں اورمہینوں تک امدادی رقم ملنے کا امکان نہیں۔سن 1948 میں آزادی حاصل کرنے کے بعد سےسری لنکا بدترین معاشی بحران سے دوچار ہے، کئی دہائیوں کی معاشی بدانتظامیوں اور حالیہ غلط پالیسیوں کے علاوہ کورونا وائرس کی وبا سے سیاحت اور ترسیلات زر میں کمی نے غیر ملکی ذخائر کو ریکارڈ کم ترین سطح تک پہنچا دیا ہے،2کروڑ 20 لاکھ افراد پر مشتمل جزیرہ نما ملک نے اِس سال اپریل سے فنڈز نہ ہونے کے باعث 12 بلین ڈالر کے قرض کی ادائیگی روک دی ۔اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ ہوش ربا مہنگائی اورسری لنکن کرنسی کی قدر گھٹنے کے علاوہ ایندھن، خوراک اور ادویات کی مستقل قلت جیسے عوامل ، ملک کو انسانی بحران کی طرف لے جارہے ہیں۔30 جون تک کولمبو کا دورہ کرنے والی آئی ایم ایف کی ٹیم نے اتوار کو کہا کہ وہ سری لنکا کیلئے 70ویں ریسکیو پلان کی تکمیل تک بات چیت کا حالیہ دور جاری رکھے گی،عالمی مالیاتی فنڈ نے اپنے ایک بیان میں ادارے کی پالیسیوں کے مطابق، اِس مشکل وقت میں سری لنکا کو سپورٹ کرنے کا عزم دہرایا ہے۔