سندھ اسمبلی میں بجٹ پر بحث ،ماحول کشیدہ، ارکان کے الزامات

21 جون ، 2022

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی میں آئندہ مالی سال کےبجٹ پرپیر کو عام بحث کا سلسلہ دوسرے روز بھی جاری رہا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے ارکان نے بھرپور طریقے سے حصہ لیا بجٹ پر عام بحث کے دوران کئی مواقع پر ایوان کا ماحول کشیدہ نظر آیا ، کارروائی کے دوران سرکاری اور اپوزیشن بنچوں پر بیٹھے ہوئے ارکان ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے اور فریقین کے درمیان غیر پارلیمانی جملوں کا استعمال بھی ہواایوان میں اس وقت پھر کشیدگی نظر آئی جب پی ٹی آئی کی خاتون رکن دعا حلیم نے بجٹ اجلاس کے دوران پیپلز پارٹی کے مرد ارکان پر اپنا دوپٹہ اتارنے کا الزام دہرایا بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئےپیپلز پارٹی کے رانا حمیر سنگھ نے کہا کہ چھوٹے چھوٹے ڈیم ہمارے سندھ کے ہر گاوں میں ہیں84ڈیموں کی ازسر تعمیرکی جائے گی تو پانی مسئلہ کافی حد تک حل ہو جائے گاانہوں نے کہا کہ جو ہم پر احسان کرتے ہیں اس کا تین نسلیں گیت گاتی ہیں پیپلز پارٹی ہم پراحسان کررہی ہے،ہماری تین نسلیں جئے بھٹو کا گیت گاتی رہیں گی ایم کیو ایم کی خاتون اقلیتی رکن منگلا شرما نے کہا کہ اقلیتی برادریوں سے تعلق رکھنے والی بچیوں کی جبری شادیوں پر ہم ایوان میں جب آواز اٹھاتے تھے تو کوئی نہیں سنتا تھا لیکن آج یہ معا ملہ دوسری طرف بھی پھیل گیا ہےانہوں نے کہا کہ خواتین جو چھوٹے شہروں میں رہتی ہیں انہیں ملازمت کے لئے بڑے شہروں میں آنا پڑتا ہےشہروں میں ان کے لئے ہاسٹل کی کوئی سہولت نہیں انہوں نے کہا کہ دعا زہرا اور نمرہ کاظمی کی میڈیکل رپورٹ میں عمربڑھا کربیان کی گئی ،میڈیکل رپورٹ کیسے بنتی ہے سب کو معلوم ہے ۔