گستاخانہ بیان کیخلاف مغربی بنگال اسمبلی میں قرارداد منظور

21 جون ، 2022

کلکتہ(مانیٹرنگ نیوز، خبرایجنسی) بھارتی ریاست مغربی بنگال کی اسمبلی نے گستاخانہ بیان دینےوالی بھارتیہ جنتا پارٹی کی ترجمان نوپور شرما کے خلاف قرارداد منظور کرلی،بھارت میڈیا کے مطابق مغربی بنگال کی اسمبلی نے بھارتیہ جنتا پارٹی کی رہنما نوپور شرما کے گستاخانہ بیان کے خلاف مذمتی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ہے جب کہ نوپورشرما کی گرفتاری کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے،مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنر جی نے اسمبلی میں اپنے خطاب میں کہا کہ نوپورشرما کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیم گئی ہوئی ہے لیکن وہ منظر عام پر نہیں آرہی تاہم جتنے دن روپوش رہ لیں، ایک نہ ایک دن پولیس کے ہاتھ آجائیں گی۔اس موقع پر بھارتیہ جنتا پارٹی کے ارکان اسمبلی نے شدید احتجاج کیا، قرارداد پیش کرنے میں رکاوٹیں ڈالیں اور وزیراعلیٰ کے خطاب کے موقع پر بھی نعرے بازی کرتے رہے۔نوپور شرما کے خلاف کلکتہ میں مقدمہ درج ہے اور پولیس بی جے پی کی ترجمان کی گرفتاری کے لیے گزشتہ ایک ہفتے سے دہلی میں مقیم ہے لیکن نوپورشرما جان کو خطرہ کا بہانہ بناکرتاحال روپوش ہیں۔