نیب ترامیم پر سینیٹ میں اپوزیشن کا احتجاج ‘سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت

21 جون ، 2022

اسلام آباد (این این آئی)تحریک انصاف کے ارکان نے قومی احتساب بیورو (نیب) ترامیم کے خلاف سینیٹ میں بازوں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر شرکت کی۔پیر کو اجلاس کے دور ان قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے کہا کہ آج سیاہ دن ہے ہم نیب ترامیم کیخلاف کالی پٹیاں پہن کر اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں، این آر او ٹو دیا گیا ہے۔اسی ایوان میں انہوں نے نیب قانون کا قتل کیا ہے، ان کے ہاتھ رنگے ہیں، انہوں نے اپنے این آر او کی فیس لے لی ہے۔اس موقع پر قائد ایوان اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ احتساب قانون میں 85 فیصد ترامیم وہ ہیں جو پی ٹی آئی حکومت نے دو آرڈیننس کے ذریعے کی تھیں اور نیب ترامیم کے حوالے سے ایک،ایک شک پر اپوزیشن کو مطمئن کریں گے۔ پی ٹی آئی حکومت میں سیاسی مخالفین کے خلاف نیب کا سہارا لیا گیا۔قائد ایوان نے کہا کہ شہزاد اکبر، عثمان بزدار، فرح گوگی کے لیے این ار او دیا گیا۔چیئرمین سینیٹ نے سندھ میں بلوچ خواتین پر تشدد کا معاملہ متعلقہ کمیٹی کے سپرد کردیا۔سینیٹ نے اس حوالے سے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔