ڈاکٹر کی غفلت ، خاتون کے پیٹ میں تولیہ چھوڑ دیا،حالت تشویشناک

21 جون ، 2022

سرائے سدھو(نامہ نگار) ڈاکٹرز کی غفلت یا کوتاہی دوران آپریشن خاتون کے پیٹ میں دو اسفنج تولیہ چھوڑ دیے تکلیف ہونے دوبارہ آپریشن کیاگیا اور پیٹ سے تولیے نکالے گئے جو کہ زہر بن کر پورے جسم میں پھیل چکاتھا۔ تفصیل کے مطابق سرائے سدھو کے رہائشی محمد ابوبکر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام لگایاکہ کچھ عرصہ قبل میں اپنی بیوی کو ڈیلیوری کے سلسلہ میں ایک نجی اسپتال عبدالحکیم لے کر گیا جہاں اس کے ضروری ٹیسٹ وغیرہ کرنے کے بعد آپریشن ہوا۔ اس دوران ڈاکٹرز خاتون کے پیٹ میں دو عدد تولیہ رکھ کر بھول گئے اور پیٹ کو ٹانکے لگا دیے تین دن اسپتال میں رکھنے کے بعد چھٹی دے دی، خاتون مریض کو گھر لے آئے کچھ دنوں بعد پیٹ میں تکلیف شروع ہوگئی ،علاج کرایا لیکن افاقہ نہیں ہوا، کچھ روز قبل زیادہ تکلیف ہونے پر ملتان لے گئے انہوں نے خاتون کی حالت دیکھتے ہوئے اسی شام آپریشن کیا جو تین گھنٹے پر مشتمل تھا اور پیٹ سے دو عدد تولیے نکالے جومبینہ طور پر اس نجی ہسپتال عبدالحکیم والوں نے ڈیلیوری آپریشن کے دوران رکھے تھے جو زہر بن کر پورے جسم کو متاثر کر چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ میری وزیراعلی پنجاب سیکرٹری ہیلتھ اور ڈپٹی کمشنر خانیوال سے اپیل ہے کہ نجی ہسپتال عبدالحکیم کےڈاکٹرز کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی کی جائے ۔