کوروناکی سفری پابندیاں ختم،سعودی شہریوں کوبھارت، ترکی اور دیگرممالک جانے کی اجازت

21 جون ، 2022

ریاض (شاہد نعیم) سعودی عرب نے اپنے شہریوں پر کورونا کے باعث عائدسفری پابندیاں ختم کردیں،اب سعودی شہریوں کو ترکی،ایتھوپیا، ویت نام اور بھارت جانے کی اجازت ہوگی،یہ اقدام مملکت کی جانب سے کووڈ-19کے کچھ احتیاطی اقدامات کو ختم کرنے کے ایک ہفتے کے بعدکیا گیا ،اس سے پہلے گھرکےاندرچہرے پرماسک پہننےاورزیادہ تر عوامی مقامات پرداخلے کے لیے ویکسین لگوانے کاثبوت فراہم کرنے کی پابندی تھی، سعودی وزارت داخلہ نے گزشتہ ہفتے یہ پابندیاں ختم کردی تھیں،البتہ اس نے وضاحت کی تھی کہ اب بھی زائرین کو مکہ مکرمہ میں المسجدالحرام، مدینہ منورہ میں مسجد نبوی ﷺ، سعودی پبلک ہیلتھ اتھارٹی (وقایا) کے زیرانتظام مقامات اوران جگہوں اورتقریبات میں ماسک پہننے کی ضرورت ہوگی جہاں اس کولازم قراردیا گیا ہے۔ اب مختلف جگہوں، تنصیبات میں داخل ہونے، سرگرمیوں یا تقریبات میں شرکت کرنے یا طیاروں یا عوامی نقل وحمل کے لیے ٹرانسپورٹ ذرائع میں سوار ہوتے وقت توکلنا رابطہ ٹریسنگ ایپلی کیشن میں ویکسین لگوانے کا ثبوت دکھانے کی ضرورت نہیں ، اس کے علاوہ سعودی عرب کے ان شہریوں کے لیے ویکسی نیشن کی مدت میں بھی توسیع کی گئی تھی جو بیرون ملک سفرکا ارادہ رکھتے ہیں،ایسے مسافروں کواس سے پہلے دوسری خوراک لگوانے کے تین ماہ کے اندر کووِڈ-19 کی ویکسین کی تقویتی خوراک حاصل کرنا پڑتی تھی لیکن اب اس مدت کو آٹھ ماہ تک بڑھا دیا گیا ہے۔