چھاچھرو، نجی اسپتال میں دوران زچگی بچے کا سر کاٹنے کا سیشن جج نے نوٹس لے لیا

21 جون ، 2022

اسلام کوٹ(رپورٹ، عبدالغنی بجیر) چھاچھرو کے نجی اسپتال میں زچگی کے دوران نوزائیدہ بچے کا سر کاٹنے کا معمہ،سیشن جج نے نوٹس لے لیا،رپورٹ طلب کرلی،ڈی جی صحت بھی چھاچھرو پہنچے،سیشن جج تھرپاکر نے واقعہ کی ضلعی آفیسر صحت سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق چھاچھرو کے نجی اسپتال میں تین دن قبل حاملہ خاتون کو زچگی کے لئے لایا گیا جہاں پر گائناکالوجسٹ موجود نہ تھی اور نرسز نے بچے کا سر کاٹ کر زچگی کرائی،جبکہ ماں کو حالت کے غیر ہونے پر حیدرآباد ریفر کیا گیا۔گزشتہ روز سیشن جج تھرپاکر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ضلعی آفیسر صحت سے رپورٹ طلب کی ہے قبل ازیں ڈی جی صحت کے احکامات پر ڈی ایچ او صحت تین رکنی کمیٹی تشکیل دے کر کمیٹی کو چھاچھرو پہنچ کر رپورٹ بنانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔جنگ کی جانب سے رابطہ کرنے پر ڈی ایچ او صحت ڈاکٹر گریشں کمار نے بتایا کہ ڈی جی ہیلتھ محمد جمن کی سربراہی میں ٹیم نے چھاچھرو کی نجی اسپتال کا وزٹ کیا اور اب حیدرآباد میں زیر علاج خاتون سے ملاقات کریں گے اور بعد میں تحقیقاتی رپورٹ جاری کی جائے گی۔دوسری جانب غیر ملکی ادارے کی نجی اسپتال کے انچارج انور نے میڈیا کو بتایا کہ زچگی کا کیس دیہات کی دایوں نے ہی خراب کیا ہوا تھا حاملہ خاتون ہماری پاس پہنچی تو بچے کو پہلے سے ہی مروڑا ہوا تھا انہوں نے اعتراف کیا کہ ہمارے عملے کی کوششوں کے دوران سر مکمل الگ ہو تھا۔