یہ کانٹے عمران نیازی کے بچھائے ہوئے ، IMFکی شرائط ماننا پڑرہی ہیں، شہباز شریف

21 جون ، 2022

اسلام آباد (نیوزرپورٹر،این این آئی) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ مہنگائی پیدا کرنے والا آج مہنگائی کے نام پر احتجاجی ڈرامے کررہا ہے ، ہم اس کا بویا کاٹ رہے ہیں، یہ کانٹے عمران نیازی کے بچھائے ہوئے ہیں ،آئی ایم ایف کی شرائط ماننا پڑ رہی ہیں۔وزیراعظم شہباز شریف سے اراکین قومی اسمبلی نے ملاقات کی ملکی صورتحال پر بات چیت کی، وزیراعظم نے کہاکہ جلد عوام کو سابق حکومت کے آئی ایم ایف سے معاہدے کی تمام تفصیلات سے آگاہ کرینگے۔ مہنگائی کا احساس ہمیں بھی ہے اور حکومت کی پوری کوشش ہے کہ عوام کو ریلیف دیا جائے۔ وزیراعظم نے اراکین پارلیمنٹ کے حلقوں کے ترقیاتی مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم سے ملاقات کرنے والوں میں اراکین قومی اسمبلی میں امیر حیدر ہوتی،عائشہ رجب بلوچ،شگفتہ جمانی،ملک سہیل اورآغا شاہ زیب درانی شامل تھے۔دریں اثنا ایک ٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ پناہ گزین جنگوں اور تنازعات کے ساتھ ساتھ غربت اور معاشی عدم مساوات کا سب سے زیادہ شکار ہیں، دنیا کو پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے والے ترقی پذیر ممالک کی مدد کرنی چاہیے۔ شام سے لے کر فلسطین اور افغانستان تک پناہ گزینوں کی حالت زار اس حوالے سے نئی پالیسی پر توجہ مرکوز کرنے اور وسائل کی فراہمی کی متقاضی ہے۔ ایک اورٹویٹ میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ غیر مسلم شہری ہماری قومی زندگی کا جزو لاینفک ہیں۔ میں نے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ٹاسک فورس کے قیام کی منظوری دی ہے، یہ ٹاسک فورس اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے حوالے سے اقدامات پر عملدرآمد کا جائزہ لے گی اور مجھے سہ ماہی رپورٹ پیش کرے گی۔