وزیراعظم کا یوٹیلیٹی سٹورز پر پانچ بنیادی غذائی اشیا سستی کرنیکا فیصلہ

21 جون ، 2022

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) وزیرِ اعظم نے 5 بنیادی اشیاء ضروریہ کو اگلے مالی سال کیلئے کم نرخوں پر فراہم کرنے کا اصولی فیصلہ کیا ہے۔ مذکورہ سبسڈی یوٹیلٹی اسٹورز کے ذریعے پورے ملک میں غریب اور پسماندہ طبقے کو فراہم کی جائے گی۔ آٹے، چینی، گھی/خوردنی تیل، دالیں، اور چاول کی بازار سے کم نرخوں پر فراہمی یقینی بنائی جائےگی ۔ وزیرِ اعظم نے کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کے نیٹ ورک میں تو سیع کی بھی منظوری دی ہے۔ وزیر اعظم نے کہا ہے کہ کراچی میں یوٹیلٹی اسٹور کی کم تعداد کسی قدر منظور نہیں، وزیرِ اعظم نے ہدایت دی کہ کراچی میں یوٹیلٹی اسٹورز کی تعداد میں اضافے کا جامع منصوبہ دو ہفتے میں پیش کیا جائے،وزیرِ اعظم نے کہا ہے کہ پسماندہ طبقے کو اس وقت ریلیف کی سب سے ذیادہ ضرورت ہے، پسماندہ طبقے کے ریلیف کیلئے حکومت ہر قیمت خرچ کرنے کو تیار ہے، سبسڈی کا نظام شفاف اور ڈیجیٹل بنایا جائے.۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت. کی ہے کہ مختلف قسم کی سبسڈیاں اکٹھی کرکے ایک جامع نظام بنایا جائے، سبسڈی کے نظام میں اصلاحات کیلئے وزیرِ خزانہ، وزیرِ صنعت و پیداوار اور وزیرِ تخفیفِ غربت تعاون سے حکمتِ عملی تشکیل دیں، وزیرِ اعظم نے یہ ہدایت گزشتہ روز یوٹیلٹی اسٹورز کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کے دوران دیں ،اجلاس کو یوٹیلٹی اسٹورز پر دی جانے والی سبسڈی، پسماندہ طبقے کو ٹارگٹڈ سبسڈی، یوٹیلٹی اسٹورز کی ملک بھر میں تعداد میں توسیع اور خیبر پختونخوا میں وزیرِ اعظم کے ویژن کے تحت سستے آٹے کی فراہمی کے پروگرام پر پیش رفت سے آگاہ کیا گیا.۔اجلاس کو بتایا گیا کہ یوٹیلٹی اسٹور کارپوریشن ملک میں اس وقت 3822 اسٹورز کو براہ راست اور 1380 فرینچائز چلا رہا ہے، جبکہ تیس جولائی تک بلوچستان، سندھ، کشمیر، گلگت بلتستان اور پنجاب میں 300 سے زیادہ نئے اسٹورز بنائے جائیں گے، اجلاس کو بلوچستان کے حوالے سے بتایا گیا کہ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے رمضان میں دورے اور خصوصی ہدایات کے تحت بلوچستان میں اشیاءِ ضروریہ کی بازار سے بارعایت فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے جسکے لئے ناصرف یوٹیلٹی اسٹورز بلکہ موبائل اسٹورز بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ وزیرِ اعظم نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں یوٹیلٹی اسٹور کے اقدامات کو سراہا اور ڈیجیٹل نظام کے تحت ٹارگٹڈ سبسڈی کی فراہمی کی پزیرائی کی۔