ملکی تاریخ کا سیاہ دن، مافیا نے احتساب کو دفن کر کے این آر او ٹو حاصل کرلیا، عمران خان

21 جون ، 2022

اسلام آباد(جنگ نیوز‘ایجنسیاں)سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ آج پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن ہے‘نیب قوانین میں ترامیم سے جرائم پیشہ مافیا نے احتساب کو دفن کرکے این آراو ٹو حاصل کرلیا‘نظامِ احتساب کی تباہی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا ۔ پیر کو اپنے بیان میں عمران خان نے کہا کہ ان ترامیم سے نیب کے زیرِ تفتیش 1200 ارب میں سے 1100 ارب روپے مالیت کے مقدمات اب نیب کے دائرہ کار سے نکل جائیں گے ، تاریخ پاکستان کے خلاف اس سازش کے منصوبہ سازوں اور اسے کامیاب بنانے والوں کو فراموش کرے گی نہ ہی کبھی معاف کرے گی۔نیب کے اس ترمیم شدہ قانون کے ساتھ ہم وائٹ کالر کرائم کے مجرموں کو احتساب سے نکال کر تباہی کی جانب بڑھ رہے ہیں ۔ چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھاکہ حکومت میں تبدیلی کی امریکی سازش کے ذریعے محض مجرموں کے اس ٹولے کو ایک اور این آر او دینے کیلئے پاکستان کی پوری معیشت اور سیاسی نظام کو پٹری سے اتارا گیا، مسلم لیگ (ن) کا خرم دستگیر اس کی تصدیق کر چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایسے میں جب ہماری معیشت مستحکم ہونے کے بعد 6 فیصد کی پائیدار ترقی کی جانب بڑھ رہی تھی تو منصوبہ سازوں نے محض ان مجرموں کو این آر او دوم دینے کیلئے معیشت کو تباہی کے گڑھے میں پھینک کر اور ہمارے لوگوں پر مہنگائی کا ایک بم گرا کر پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنا مناسب جانا۔دریں اثناء عمران خان نے کہا ہے کہ نیب قانون میں ترمیم کے ذریعے امپورٹڈ کٹھ پتلیوں کی جانب سے خود کو این آر او دوم دینے کی شرمناک کوشش ہے، نظامِ احتساب کی تباہی کٹھ پتلیوں کا کلیدی ہدف تھا، ان بڑے چوروں نے نیب قانون کو بدل کر قوم کے لوٹے گئے 1200 ارب ہضم کرنے کی شرمناک کوشش کی ہے،بڑے چوروں کو لوٹ مار کی کھلی آزادی تیسری دنیا میں غربت کی بڑی وجہ ہے۔ چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت اہم اجلاس ہواجس میں عمران خان نے نیب قانون میں ترامیم کی بھرپور مزاحمت کی ہدایت کی۔اجلاس میں تحریک انصاف نے آج یومِ سیاہ منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ پارٹی رہنما کالی پٹیاں باندھیں گے اور نظامِ احتساب کی تباہی کی شرمناک کوشش بھرپور انداز میں اجاگر کریں گے۔ عمران خان نے کہا کہ روزِ اول سے نشاندہی کر رہا ہوں کہ ان کے آنے کا واحد مقصد خود کو این آر او دوم دلوانا ہے، چوروں کو این آر او دوم دیکر نظام احتساب کو باضابطہ طور پر دفن کرنے کا اہتمام کیا گیا ہے۔ ایک طرف ملک نہیں سنبھل رہا دوسری طرف چوری معاف کروانے کی انکی کوششیں گوارا کی جارہی ہیں، اس کرپٹ سفاک گروہ نے پاکستان کی اخلاقیات تباہ کردی ہیں۔ اقتدار میں آکر لوٹ مار کرنا اور ادارے تباہ کرکے اس لوٹ مار کو بچانا کلچر بنا دیا گیا ہے، مجرموں کے ٹولے کی اس شرمناک کوشش کی ہر سطح پر مزاحمت کریں گے۔ایک اوربیان میں عمران خان نے احتجاج کیلئے باہر نکلنے اور امریکی رجیم چینج سازش سے مسلط حکومت کو مسترد کرنے پر قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہاکہ خاص طور پر ان خاندانوں‘ خواتین اور بزرگوں کے مشکورہیں جوبارش کے باوجودباہرنکلے۔