بھارت ، اگنی پتھ فوجی سکیم سے مایوس نوجوانوں میں خودکشی کاسلسلہ شروع

23 جون ، 2022

نئی دہلی(اے پی پی)بھارت میں اگنی پتھ فوجی سکیم سے مایوس ہوکر نوجوانوں میں خودکشی کا ایک سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور ریاست راجستھان میں دو دنوں میں2 نو جو ا نو ں نے مایوس ہو کر خودکشی کرلی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ریاست کے علاقے جھنجھنو میں ایک19سالہ نوجوان نے جو اگنی پتھ سکیم شروع ہونے کے بعد شدید تنائو کا شکار تھا، منگل کے روز خود کو پھانسی لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا۔ اس سے قبل پیر کے روز بھرت پور میں بھی ایک نوجوان نے خودکشی کر لی تھی۔پولیس سے موصولہ اطلاعات کے مطابق واقعہ جھنجھنو کے چڑاوا قصبے کے سٹیشن روڈ علاقے کا ہے۔ یہاں رہنے والے انکت نے اپنی بہن کے گھر میں خود کو پھانسی لگا لی۔ اس کی بہن پونم جھانجھوت کے سرکاری سکول میں کام کرتی ہے۔ گھر والوں نے پولیس کو بتایا کہ انکت پیر کے روز ہی اپنی بہن کے گھر گیا تھا۔ یوگا دن کے سبب منگل کو اس کی بہن سکول گئی تھی۔ اس دوران انکت نے خودکشی کر لی اور جب پونم کو یہ خبر ملی تو وہ بھاگتی ہوئی گھر پہنچی۔پولیس کو دی گئی تحریری رپورٹ میں گھر والوں نے بتایا کہ انکت نے گزشتہ مہینے راجستھان پولیس کانسٹیبل کا امتحان دیا تھا لیکن پرچہ لیک ہونے کی وجہ سے اسے منسوخ کر دیا گیا۔