ٹی ٹی پی سے مذاکرات کوپارلیمنٹ کی نگرانی میں آگے بڑھایا جائے گا، وزیر داخلہ

23 جون ، 2022

راولپنڈی ( مانیٹرنگ ڈیسک )وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ کی اونرشپ سے کالعدم تحریک طالبان پاکستان ( ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کو آگے بڑھایا جائے گا، ارکان پارلیمنٹ کو اعتماد میں لینے کے لئے ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے گا، وزیراعظم شہباز شریف مذاکرات پر ایوان کو اعتماد میں لیں گے۔وزیراعظم ہاؤس میں اہم معاملات پر پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں سکیورٹی صورتحال پر پارلیمانی رہنماؤں کو بریفنگ دی گئی، ملکی سلامتی اور امن و امان، ہمسایوں کے ساتھ تعلقات کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں کالعدم تحریک طالبان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات پر شرکاء کو اعتماد میں لیا گیا، افغانستان کی صورت حال پر کمیٹی کو بریفنگ دی گئی۔قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کے ہمراہ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنا انے کہا کہ قومی سلامتی کمیٹی اجلاس میں عسکری وسیاسی قیادت موجود تھی، اجلاس کو اہم قومی معاملات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سلامتی عزیز ہے ، تما م سٹیک ہولڈرز کو ساتھ لے کر آگے بڑھ رہے ہیں۔ٹی ٹی پی سے مذاکرات کوپارلیمنٹ کی نگرانی میں آگے بڑھایا جائے گا۔