سری نگر(کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں پولیس نے حریت پسندی کے لیے استعمال ہونے کے شبے میں گھروں پر قبضہ کر نا شروع کر دیا ہے۔ پولیس نے سرینگر شہر کے مختلف علاقوں میں پانچ رہائشی مکانوں پر قبضہ کر لیا۔ پولیس نے دعویٰ کیا کہ قبضہ کئے گئے مکان حریت پسند استعمال کرتے تھے ،مزید گھروں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان پر بھی جلد قبضہ کیا جائے گا۔ دوسری جانب بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے تین ، بارہمولہ سے ایک نوجوان کو عسکریت پسند ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ۔ ادھرایک اور بھارتی فوجی نے خود کشی کرلی۔ گذشتہ روز مقبوضہ کشمیرپولیس نے تصدیق کہ اس نے سرینگر شہر کے علاقوں پارمپورہ ، پانتہ چوک ، نوہٹہ اورزکورہ میں پانچ رہائشی مکانوں پر قبضہ کرلیا ہے،کیونکہ یہ گھر حریت پسند استعمال کررہے تھے۔پولیس نے کہا کہ اس طرح کے مزید گھروں کی نشاندہی کی گئی ہے اور ان پر بھی جلد قبضہ کیا جائے گا۔پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ پولیس نے یہ کارروائی غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے بھارتی قانون یو اے پی اے کی شق 2اور25 کے تحت کیا ہے ۔ ادھر بھارتی فورسز نے4 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا ہے ۔ضلع بڈگام کے علاقے چاڈورہ سے تین نوجوانوں عاشق حسین حجام ، غلام محی الدین ڈار اور طاہر بن احمد ضلع بارہمولہ کے علاقے جوہامہ سے شاہد احمد پرے کو گرفتار کر لیا گیا .مقبوضہ کشمیر پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ گرفتار ہونے والے عسکریت پسند ہیں۔ شاہد احمد پرے کو بھارتی فوج اورپولیس کی مشترکہ ٹیم نے ضلع بارہمولہ کے علاقے جوہامہ میں ایک ناکے پرگرفتار کیا۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ شاہد سے ایک پستول ، ایک پستول میگزین، سات راونڈ اور دو ہینڈ گرینیڈ برآمد کرکے ضبط کئے گئے۔ دریں اثنا بھارتی تحقیقاتی ادارے نے مقبوضہ کشمیر کے کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ جبکہ بھارتی پیراملٹری فورس کے ایک اہلکارنے بدھ کو جنوبی کشمیر کے اسلام آباد قصبے میں خودکشی کرلی۔