مفاد پرست سیاستدان اقتدار چھین جانے کے غم میں اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں ، چوہدری یٰسین

23 جون ، 2022

اسلام آباد (جنگ نیوز)صدرِ پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر و ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری یٰسین نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔ صرف عمران خان کی اے ٹی ایم مشین چل رہی ہے جس نے اسلام آباد میں ڈیرے ڈال رکھے ہیں اور وزرابھی اسلام آباد اور مظفرآباد کے درمیان ملحق ہیں اور دارالحکومت ویران پڑا ہے۔مفادپرست سیاستدان اقتدار چھن جانے کے غم میں اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پر مشکل حالات ہیں اور عمران خان قومی سلامتی کے اداروں کو بلیک میل کرنے کی ناکام کوشش میں لگے ہیں۔ تنویر الیاس حساس خطے میں بیٹھ کر وفاق کو بلیک میل کرنے میں لگے ہیں اور ریاست پاکستان کا کسی کو خیال نہیں۔ جس کی وجہ سے کوئی صدر بنا تو کوئی وزیراعظم بنا۔ ایک طرف ریاست پاکستان کی بقا کا مسئلہ ہے اور دوسری طرف مفاد پرست سیاستدان اقتدار چھن جانے کے غم میں قومی سلامتی کے اداروں کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کے گیت گانے والوں کو آیندہ عام انتخابات میں نشان عبرت بنا دیں گے۔ یہ لوگ نریندر مودی کی زبان بول رہے ہیں جو ناقابل برداشت ہے۔ جس نے پاکستان میں رہنا ہے اسے اپنا انداز و زبان بھی پاکستان کی رکھنا ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کا پاکستان میں ہے ہی کیا دو بیٹے ہیں وہ بھی باہر پرورش پارہے ہیں۔ اگر وہ پاکستانی ہوتے تو پاکستان میں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ اصل دولت اولاد ہوتی ہے۔ اپنی اولاد کو بیرون ملک رکھ کر دوسروں پر تنقید کرنے والوں کو پہلے اپنی اولاد کو پاکستان منتقل کرنا چاہیے پھر دوسروں پر تنقید کریں۔