مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ و دانیوں میں انتہائی اضافہ ہو چھکا ہے، بیرسٹر سلطان

23 جون ، 2022

مظفرآباد(جنگ نیوز) صدر آزاد جموں و کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرے برطانیہ، آئرلینڈ اور بلجیم کے دورے کے دوررس اثرات مرتب ہوں گے اور اس کے مثبت نتائج جلد سامنے آنا شروع ہو جائیں گے۔ مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی ریشہ دوانیوں میں انتہائی اضافہ ہو چکا ہے،عالمی برادری کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا حق خودارادیت دلوانے میں اپنا کردار ادا کرے۔ میرے دورہ یورپ سے دنیا کو مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال سے متعلق اصل حقائق سے آگاہی ہوئی اور انٹرنیشنل کمیونٹی اب کشمیریوں کا موقف سننا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایوان صدر مظفرآباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ میں نے اپنے بیرون ملک دورہ میں جہاں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھارت کی طرف سے جاری انسانی حقوق کی پامالی پر بریفنگ دی، وہاں میں نے حریت رہنما یٰسین ملک کو بھارتی عدالت کی طرف سے جھوٹے مقدمات میں عمر قیدر کی سزا کے حوالے سے بھی بات کی۔ اس سلسلے میں میں نے برطانیہ میں 9 بیرسٹرز پر مشتمل ایک ڈیفنس کمیٹی تشکیل دی جو برطانیہ میں سینئر قانون دانوں سے مشاورت کر کے انڈیا میں یٰسین ملک کی رہائی کے حوالے سے قانونی مدد فراہم کرے گی۔ اسی طرح میں نے آئرلینڈ کا بھی خصوصی دورہ کیا کیونکہ بریکسٹ کے بعد برطانیہ یورپی یونین سے علیحدہ ہو چکا ہے اور آئرلینڈ یورپی یونین کا اہم رکن ہے اور اس کی مسئلہ کشمیر سے بھی بڑی مماثلت ہے۔ لہٰذا میں نے آئرلینڈ میں وہاں کے ممبران پارلیمنٹ، ممبران یورپی پارلیمنٹ ، تھنک ٹینکس اور دیگر اعلیٰ عہدیداران سے ملاقاتیں کر کے انہیں مسئلہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر بریفنگ دی۔ دورہ بیلجیئم میں یورپی یونین کے اعلیٰ عہدیداران، ممبران یورپی پارلیمنٹ، یورپی پارلیمنٹ کی انسانی حقوق کی چیئرپرسن ، یورپی پارلیمنٹ کی امور خارجہ کمیٹی کے ممبران سمیت دیگر عہدیداران سے بھی ملاقاتیں کیں اور انہیں مسئلہ کشمیر اور مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریفنگ دی اور میں نے مطالبہ کیا کہ یورپی یونین کشمیر پر اپنا نمائندہ مقرر کرے۔ جبکہ بعد ازاں میں نے اپنے دورہ برطانیہ میں برطانیہ کے نو منتخب کونسلرز کے اجلاس سے بھی خطاب کیا اور ان کی آل پارٹیز کشمیر کمیٹی تشکیل دی جو وہاں پر مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اجا گر کرے گی۔ اسی طرح میں نے برطانوی پارلیمنٹ میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ سے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر برطانوی ممبران پارلیمنٹ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ جہاں پر برطانوی ممبران پارلیمنٹ نے مجھے یقین دلایا کہ وہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں حریت رہنماء یاسین ملک کی رہائی کے حوالے سے برطانوی وزیراعظم سے سوال کریں گے۔