میرپور،بھمبر اور مظفر آباد میں ای بلنگ نظام نے صارفین پر بجلیاں گرا دیں

23 جون ، 2022

سماہنی( نمائندہ جنگ )آزاد کشمیر کے تین اضلاع میرپور،بھمبر اور مظفر آباد میں محکمہ برقیات کے اعلٰی افسران کی نااہلی اور بغیر کسی تیاری کے ای بلنگ نظام نے صارفین پر بجلیاں گرا دیں،فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں ہزاروں روپے کے چارجز بھی ڈال دیے گئے،باقی تمام اضلاع اس نظام سے مستثنیٰ،ای بلنگ نظام کے تحت بجلی بل پر صارف کے بجلی میٹر کی ریڈنگ کی تصویر بھی موجود نہیں،ای بلنگ کے لئے میٹر ریڈرز کو فراہم کیے جانے والےسستے موبائل فون بھی سست روی اور ہینگ ہونے جیسے مسائل کا شکار،ای بلنگ کے لئے موبائل ایپ لاہور کی کسی کمپنی سے تیار کروائے جانے کا انکشاف،کمپنی آٹھ روپے فی بل وصول کرنے کے باوجود شفاف نظام لانچ نہ کر سکی،موبائل فون کی خریداری اور ایپ کی تیاری میں قومی خزانے کو کروڑوں کی پھکی،سہولت عذاب بن گئی۔ صارف کو جاری کیا جانے والا بجلی بل ڈیجیٹل میٹر کی ریڈنگ سے بھی مطابقت نہیں رکھتا،ناکارہ موبائل فون،غیر تربیت یافتہ،تیس سال پہلے بھرتی کیے جانے والے میٹرک پاس اور تعداد میں انتہائی کم میٹر ریڈرز کے لئے بھی ای بلنگ کا نظام وبال جان بن گیا،برقیات حکام بجلی بل درست کرنے سے بھی انکاری،صارفین دفاتر کے چکر لگانے پر مجبور،حکومت آزاد کشمیر و اپوزیشن سمیت سیاسی قیادت کی مجرمانہ خاموشی سوالیہ نشان بن گئی،تین ہزار میگا واٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے والی ریاست کو اسکی ضرورت کی تین سو میگا واٹ بجلی فراہم کیے جانے کے بجائے کس مد میں فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی شکل میں جگا ٹیکس وصول کیا جا رہا ہے ۔شہریوں نے فوری طور پر پورے آزاد کشمیر میں بلوں کے یکساں نظام کو رائج کرنے اور اسکی درستگی،اور نظام کی شفافیت کا مطالبہ کیا ہے۔