کمر توڑ مہنگائی سے مہاجرین کشمیر کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے،محمود ساغر

23 جون ، 2022

اسلام آباد (اے پی پی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کہا ہے کہ کمر توڑ مہنگائی سے مہاجرین کشمیر کی حالت انتہائی ناگفتہ بہ ہے۔ حکومت آزاد کشمیر فوری اقدامات اٹھائے، آزاد جموں و کشمیر میں 1989 سے مقیم مقبوضہ جموں و کشمیر کی آٹھ ہزار فیملیاں شدید مشکلات اور مسائل سے دوچارہیں۔ انہوں نے کہا کہ متاثرہ مہاجرین کی مہنگائی سے قوت خرید جواب دے چکی ہے، نوجوانوں کی تعلیم اور صحت بری طرح متاثر ہوچکی ہے۔ یہ ایک کھلی اور عیاں حقیقت ہے کہ ان مہاجرین نے رواں جدوجہد آزادی کے لیے فقید المثال قربانیاں پیش کی ہیں۔ اس گھمبیر صورتحال کو اگرفوری طور پر حل نہ کیا گیا تو تحریک آزادی کشمیر پر اس کے منفی اثرات مرتب ہونا یقینی ہے،محمود احمد ساغرنے حکومت آزاد ریاست جموں و کشمیرسے اپیل کی کہ وہ اس حوالے سے فوری اقدامات اٹھائیں۔