مقبوضہ کشمیر میں  مظالم مودی سر کار کیلئے خطرناک ثابت ہونگے ، سردار عتیق

23 جون ، 2022

مظفرآباد،راولپنڈی(جنگ نیوز ) مسلم کانفرنس کے قائد وسابق وزیراعظم سردار عتیق احمدخان نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مزید تین کشمیریوں کی شہادت پر شدید تشویش کاا ظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے نئے ہتھکنڈے اپنا رہا ہے اور نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران بے گناہ کشمیریوں کو شہید کررہا ہے مگر وہ اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتا،مقبوضہ کشمیرمیں مظالم مودی سرکار کیلئے خطرناک ثابت ہونگے۔ بھارت کے قابض اور غاصب حکمران جابرانہ ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کا راستہ نہیں روک سکتے۔مسلم کانفرنس بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لے گی، جماعت کی تنظیم سازی جلد مکمل او ر کارکن الیکشن کی تیاری کریں ۔ان خیالات کاا ظہارانہوں نے گزشتہ روز مجاہدمنزل راولپنڈی میں فتح پور کے وفد کی ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کی طرف سے 5اگست 2019 کوآرٹیکل 370اور35اےکا خاتمہ کشمیریوں کے علیحدہ تشخص کو ختم کرنے کی سازش ہے،بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں 42لاکھ افراد کو جعلی ڈومیسائل جاری کیے۔ گذشتہ سوا تین سال سے سوا کروڑ کشمیری یرغمال ہیں ان کی زندگیوں کو شدید خطرات لاحق ہیں۔ بھارت غیر قانونی حلقہ بندیاں کر کے کشمیریوں کی اکثریت کو اقلیت میں بدلنا چاہتا ہے کشمیری آزادی سے کم کسی حل کو قبول نہیں کر یں گے،بھارت کی تمام سازشیں ناکام ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت کی تنظیم سازی کو جلد مکمل کرنے کے بعد بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں کریں ، بلدیاتی انتخابات میں مسلم کانفرنس بھرپور حصہ لے گی۔