راجہ فاروق حیدر سے مہاجرین کے وفد کی ملاقات،مالی مشکلات سے آگاہ کیا

23 جون ، 2022

مظفرآباد(آئی این پی) سابق وزیر اعظم آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان سے مہاجرین 1989 مابعد کے وفد نے اہم ملاقات کی، ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافے کیلئے کردار ادا کرنے کی اپیل کردی۔وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے نام لکھا گیا اہم خط بھی سابق وزیراعظم آزادکشمیر کے حوالے کیا گیا۔ مہاجرین 1989 ء کو درپیش سنگین مالی مشکلات کے پیش نظر سابق وزیر اعظم و پارلیمانی لیڈر مسلم لیگ ن قانون ساز اسمبلی آزاد کشمیر راجہ محمد فاروق حیدرخان سے ملاقات کی۔ مہاجرین وفد میں عزیر احمد غزالی،محمد اقبال اعوان،اقبال یٰسین،چوہدری محمد مشتاق،بلال احمد فاروقی،محمد اسماعیل چوہدری،عثمان علی ہاشم اور دیگر ذمہ داران شریک تھے۔ وفد نے سابق وزیراعظم کو مہاجرین کو درپیش مالی مشکلات اور چیلنجز سے آگاہ کیا۔ وفد نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف کے نام لکھے گئے خط کو راجہ فاروق حیدر خان کے حوالے کیا۔ وزیراعظم پاکستان کے نام لکھے گئے خط میں مہاجرین نے گراں بازاری کی وجہ سے 7855 مہاجرین خاندانوں کو شدید مالی بحران اور مشکلات کا تذکرہ کیا ہے۔ وفد نے وزیراعظم پاکستان کے نام لکھے گئے خط میں لکھا ہے کہ مہاجرین کو اوسطاً 8 سے 12 ہزار روپے فی خاندان ماہانہ گزارہ الاؤنس مل رہا ہے اسی قلیل رقم میں مہاجرین خاندان اپنے بچوں کے لیے اشیائے خورونوش،بچوں کی فیسیں ،کتابیں،بجلی کے بلات، علاج معالجے،چولہے کیلئے گیس اور مکانات کے کرائے پورے کرنا ناممکن تر ہوگیا ہے۔ خط میں مہنگائی کی چکی میں پس رہے کشمیری مہاجرین نے آمدہ بجٹ 2022 میں مہاجرین کے لیئے 1500 روپے فی کس ماہانہ گزارہ الاؤنس میں اضافے کی درخواست کی ہے۔