ہر صورت پاکستان کے اقتدار اعلیٰ کی حفاظت کریں گے، فواد چوہدری

23 جون ، 2022

اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ ہر صورت پاکستان کے اقتداراعلیٰ کی حفاظت کریں گے، نواز شریف سے ملاقات کے بعد نجم سیٹھی نے امریکہ کو فوجی اڈوں کی فراہمی معاشی بحران کا حل قرار دیا،حکومت تبدیلی کا مقصد معاشی حالات خراب کر کے پاکستان کو مستقل غلام بنانا ہے،عمران اسی خدشے کااظہار کررہے ہیں۔ بدھ کو سوشل میڈیا پر جاری ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ عمران خان اس خدشہ کا اظہار کرتے رہے ہیں کہ حکومت تبدیلی کا مقصد پاکستان کے معاشی حالات کو اس قدر خراب کرنا ہے کہ پاکستان کو مستقل طور پر غلام بنایا جا سکے ،نوازشریف کے قریبی ترجمانوں کے مشورے اسی سلسلے کی کڑی ہیں،ہم اس مہم کو مستردکرتے ہیں ہر صورت پاکستان کے اقتداراعلیٰ کی حفاظت کرینگے۔ فواد چوہدری نے کہا کہ نواز شریف سے ملاقات کے بعد نجم سیٹھی نے پاکستان کے معاشی بحران کاحل دیا ہے کہ امریکہ کو پاکستان میں فوجی اڈے دینے چاہئیں،حسین حقانی کا مشورہ ہے پاکستان ایٹمی اثاثوں سے دستبردار ہو جائے اور ہندوستان اور اسرائیل کے ساتھ برابری کے بجائے ماتحت ریاست کے طور پر تعلقات قائم کرے۔