الیکشن کمیشن،چیئرمین پی ایس پی مصطفیٰ کمال پر حملے کی پولیس رپورٹ طلب

23 جون ، 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) الیکشن کمیشن نے این اے 240 کراچی کے ضمنی انتخاب میں پی ایس پی کے چیئرمین مصطفیٰ کمال پر حملے کی پولیس رپورٹ طلب کرلی۔چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے این اے 240 ضمنی انتخاب میں بیلٹ پیپرز چوری ہونے اور مبینہ دھاندلی کے کیس کی سماعت کی،پولنگ سٹیشن نمبر 87 لانڈھی زمان آباد کے پریزائیڈنگ افسر حبیب خان الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے،سپیشل سیکرٹری الیکشن کمیشن نے بتایا کہ پریزائیڈنگ افسر پر الزام ہے کہ اس نے بیلٹ پیپرز چوری کیے۔الیکشن کمیشن نے کارکن کیخلاف مقدمے کے اندراج کیلئے سپیشل سیکریٹری کو شکایت درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ نادرا کی مدد سے کارکن کی شناخت کی جائے۔ پریزائیڈنگ افسر نے تحریری جواب جمع کروایا کہ مجھ پر بیلٹ پیپر چوری کرنے کا الزام غلط ہے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن ان افراد کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتے گا، ایس ایس پی صاحب فوٹیج سے لوگوں کی شناخت کریں، یہ تو بہت کلئیر کیس ہے۔الیکشن کمیشن نے سیکرٹری عمر حمید خان کو خصوصی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیٹی ریٹرننگ افسر، پریزائیڈنگ افسر اور ڈی آر او، پولیس کے کردار کی انکوائری کرے۔الیکشن کمیشن نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ دس دن میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ پولیس بھی دس روز میں ملوث افراد کو شناخت کے بعد گرفتار کرے۔ الیکشن کمیشن نے بد امنی کیس میں بھی انکوائری کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت دس روز کیلئے ملتوی کردی۔