مغوی بھائی حاجی اختر محمد کو بازیاب کرایا جائے ‘تاج محمد

23 جون ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)کوئٹہ کے رہائشی تاج محمد نے وزیراعلیٰ و دیگر سے اپیل کی ہے کہ مغوی بھائی کی بازیابی اور ملزمان کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں ،یہ بات انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ،انہوں نے کہا کہ ان کے بھائی حاجی اختر محمد کو 23 اپریل کی رات سمنگلی روڈ سے اغوا کیا گیا ایف آئی آر میں ملزمان کو نامزد کرنے کے باوجود پولیس ملزمان کو گرفتار اور مغوی کو بازیاب کرانے میں ناکام رہی ہے ، ملزمان مغوی کی بازیابی کیلئے رقم کی ادائیگی کا مطالبہ کررہے ہیں انہوں نے کہا کہ میرے بھائی اختر محمد کو اغواء ہوئے دو ماہ کا عرصہ گزر چکا ہے جس کی ایف آئی آر صدر تھانہ میں درج کرائی گئی جس میں ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے لیکن پولیس ایف آئی آر میں نامزد اصل ملزمان کو گرفتار نہیں کررہی ۔ انہوں نے کہا کہ ملزمان نے فون کرکے میرئے مغوی بھائی کی بازیابی کیلئے 6 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا جس کے بعد ملزمان نے پھر فون کرکے رقم کم کرکے 4 کروڑ کردی اب ملزمان 2 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کررہے ہیں جس کے بارے میں پولیس کے اعلیٰ حکام کو بھی آگاہ کیا گیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ بلوچستان ، چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ ، صوبائی وزیر داخلہ اور آئی جی پولیس سے اپیل کی کہ ان کے بھائی حاجی اختر محمد کے اغواء کا نوٹس لیتے ہوئے ان کی فوری بازیابی اور ملزمان کی گرفتاری کے احکامات جاری کریں ۔