مہاجرین عزت اور آزادی سے زندگی گزارنے کیلئے سرحد پار کرتے ہیں، ارون پور لیکر

23 جون ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)اقوام متحد کوئٹہ کے سربراہ ارون پولیکر نے کہا ہے کہ 3.1ملین سے زیادہ مہاجرین پاکستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں اور حکومت انہیں یہاں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے یہ باتیں انہوں نے مہاجرین کے عالمی دن کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیں انہوں نے کہا کہ مشکل ترین حالات میں بھی مہاجرین کے عزم اور حوصلے پست نہیں ہوئے اور ہمیں مہاجرین کی کامیاب کہانیاں لوگوں تک پہنچانی چاہے اس سے لوگوں میں ہمدردی کے جذبات پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ یہ احساس بھی اجاگر ہوگا کہ مہاجرین میزبان ممالک اور ان کی معاشرتی ترقی میں بھی کردار کرسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ مہاجرین بھی ہماری طرح کے ہی انسان ہیں مگر اپنا سب کچھ کھوچکے ہوتے ہیں وہ عزت، آزادی اور سلامتی کے ساتھ زندگی گزارنے کے لئے سرحد پار کرتے ہیں وہ ایسے صدمات اور مشکلات کاسامنا کرتے ہیں جو کہ ان کی زندگی کو یکسر بدل کررکھ دیتا ہے ہم سب کی طرح مہاجرین کو بھی یہ حق حاصل ہے کہ ان کے ساتھ عزت اور نرمی کا سلوک کیا جائے اور انہیں زندگی میں تحفظ کا احساس میسر ہو مہاجرین کا عالمی دن ایک بین الاقوامی دن ہے جو اقوام متحدہ کی جانب سے مہاجرین کے اعزاز کے لئے مختص کیاگیا ہے یہ ہر سال بیس جون کو منایا جاتا ہے جس میں ان لوگوں کے حوصلوں اور ہمت کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے جو کہ خطرات اور تنازعات سے اپنی جان بچانے کیلئے اپنا ملک چھوڑنے پر مجبو رہوجاتے ہیں ارون پولیکر نے یو این ایچ سی آر کی جانب سے گزشتہ چار دہائیوں سے افغان مہاجرین کی فراخدلانہ مہمان نوازی کیلئے پاکستان کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ پاکستان نےمہاجرین کی میزبانی کی چالیس سال سے زیادہ کی تاریخ رکھتا ہے اور اس وقت عالمی سطح پر مہاجرین کی میزبانی کرنے والے چوتھے بڑے ملک کے طور پرپہچانا جاتا ہے آج 3.1ملین سے زیادہ مہاجرین پاکستان میں پناہ لئے ہوئے ہیں پاکستان کی مہمان نوازی کو سراہنے اور ملک کے بوجھ کم کرنے کیلئے 2009ء سے یو این ایچ سی آر نے اپنے راہاپروگرام کے تحت 220ملین ڈالرز کے 4.260 منصوبوں پر عملدرآمد کیا جس سے تقریباً12.4ملین افراد مستفید ہوئے جن میں سے پندرہ فیصد افغان مہاجرین ہیں راہاکے یہ منصوبے پانچ اہم شعبوں کو ترجیح دیتے ہیں جن میں تعلیم ، صحت، معاش، پانی اور ماحول شامل ہیں انہوں نے مزید بتایا کہ 2014ء سے2021ء تک یون این ایچ سی آر نے تقریباً4000افغان مہاجرین اور پاکستانیوں کو بلوچستان میں حکومت کی جانب سے تصدیق ہنر مندی کی تربیت فراہم کیں جو موجودہ رجحان کے مطابق ان کے معاش کیلئے مفید ثابت ہوں گی۔