ہرنائی،طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں سے قومی شاہراہ کو سخت نقصان

23 جون ، 2022

ہرنا ئی (نامہ نگار) طوفانی بارشوں سے ندی نالوں میں اونچے درجے کے سیلابی ریلوں نے ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ کو 22 میل تک شدید نقصان پہنچایا شاہراہ کی حفاظتی دیواریں سیلابی ریلوں کی نذر ہوگئیں ٹرانسپورٹرز اپنی مدد آ پ عارضی بنیادوں پر ٹریفک بحال کردیا واضح رہے معمولی سی بارش اور سیلاب ریلے سے شاہراہ پر ٹریفک معطل ہوجاتا ہے جس کے باعث پہاڑی سلسلوں اور ندی نالوں میں سینکڑوں چھوٹی بڑی گاڑیاں پھنس جاتی ہیں جنہیں ٹرانسپورٹرز نے اپنی مدد آپ ندی نالوں سے نکال دیتے ہیں حالیہ طوفانی بارشوں سے سیلابی ریلوں کے باعث ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ ہرنائی تا 22 میل تک سفر کی قابل نہیں رہی ہے لینڈ سلائیڈنگ اور جگہ جگہ سڑک بیٹھ گئی ہے جس سے ٹرانسپورٹرز، ڈرائیورز، زمیندار اور تاجر پریشانی سے دوچار ہیں ہرنائی ٹرانسپورٹ یونین کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ کو طوفانی بارشوں اور ریلوں سے شدید نقصان پہنچا ہے شاہراہ کے حفاظتی ڈانگے کئی میل ایریا تک سیلابی ریلے بہاکرلے گئے ہیں قومی شاہراہوں کی بحالی محکمہ بی اینڈآر کی ذمہ داری ہے لیکن وہ خواب خرگوش میں ہے واضح رہے ہرنائی مون سون رینج میں واقع ہے اور قومی شاہراہ پر ہرنائی اور سنجاوی کے درمیان ندی نالوں پر نہ تو پل ہیں اور نہ ہی محکمہ بی اینڈآر کے پاس مشینری ہے دریں اثناء ڈپٹی کمشنر ہرنائی سردار محمد رفیق ترین نے ہرنائی سنجاوی پنجاب قومی شاہراہ کی بندش کا نوٹس لیتے ہوئے ہنگامی طور پر بحالی کے لئے امدادی سرگرمیاں شروع کر کے عارضی بنیادوں پر ٹریفک کی آمد رفت بحال کردی ہے۔