طلباء وطالبات کو صلاحیتوں کے اظہار کیلئے مواقع فراہم کرینگے‘ نصیب اللہ مری

23 جون ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)صوبائی وزیرتعلیم میر نصیب اللہ مری نے کہا ہے کہ بلوچستان کے طلباء و طالبات میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے اگر انہیں مناسب مواقع فراہم کئے جائیں تو وہ تعلیم کے میدان میں صوبے کا نام روشن کرسکتے ہیں ، حکومت بلوچستان نے ہونہار طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے محترمہ بے نظیر بھٹو ڈسٹرکٹ ٹاپرز اسکالر شپ اسکیم کا اجراء کیاہےیہ بات انہوں نے بدھ کو اپنے دفتر میں طلباء و طالبات میں اسکالرز شپ کے چیک تقسیم کرنے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سیکرٹری تعلیم روف بلوچ ، ڈائریکٹر اسکولز عبدالواحد شاکر ، ڈائریکٹر کالجز محمد رزاق ابڑو بھی موجود تھےاس موقع پر صوبائی وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری ،سیکرٹری تعلیم روف بلوچ ، ڈائریکٹراسکولز عبدالواحدشاکر،ڈائریکٹر کالجز محمد رزاق ابڑونے طلباء و طالبات میں دو دو لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے،میر نصیب اللہ مری نے کہا کہ صوبائی حکومت صوبے میں تعلیم کے فروغ کیلئے ہرممکن اقدامات اٹھا رہی ہے ، میٹرک کے امتحانات میں سرکاری اسکولوں کے پوزیشن لینے والے طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے محترمہ بے نظیر بھٹو ڈسٹرکٹ ٹاپرز اسکالرشپ اسکیم کے تحت 2 لاکھ روپے دیئے جارہے ہیں تاکہ یہ طلباء و طالبات اپنے تعلیمی اخراجات برداشت کرسکیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بلوچستان نے ہونہار طلباء و طالبات کی حوصلہ افزائی کیلئے محترمہ بے نظیر بھٹو ڈسٹرکٹ ٹاپرز اسکالر شپ اسکیم کا اجراء کیا اس اسکیم کے تحت میٹرک کے سالانہ امتحانات میں ضلع بھر میں سرکاری اسکولوں سے امتحان میں شرکت کرکے اول پوزیشن حاصل کرنے والے ایک ایک طالب علم اور اور ایک طالبہ کو انعام سے نوازا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 2020ء کے سیشن میں بلوچستان بھر کے 33 اضلاع سے ٹاپ کرنے والے طلباء میں دو دو لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے جارہے ہیں جس کے لئے ایک شفاف طریقہ کار اختیار کیا جاتا ہے انہوں نے کہا کہ طلبا و طالبات کی بھی اب یہ ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ پہلے سے زیادہ محنت کریں۔