بجٹ میں غریب پربوجھ کم کرنے کیلئے اقدامات کیے‘مولانا عبدالواسع

23 جون ، 2022

کوئٹہ ( آئی این پی )جمعیت بلوچستان کے صوبائی امیر وفاقی وزیر ہاؤسنگ اینڈ ورکس مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ سابق حکومت کی بدترین معاشی پالیسیوں کی وجہ سے آج ملک معاشی حالات سے دوچار ہے اگر سابق حکمران اچھے فیصلے کرتے تو آج یہ صورتحال پیدا نہ ہوتی بجٹ میں غریب طبقے پر بوجھ کم کرنے کے لئے بہت سے اقدامات اٹھائے گئے ہیں بلوچستان کے معاشی حالات کو ٹھیک کرنے کے لئے وفاق ہر قسم کے تعاون کرنے کیلئے تیار ہے اور وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کی پسماندگی دور کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز وفود سے با ت چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ جمعیت علما اسلا م کوئٹہ اور لسبیلہ کے بلدیاتی انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کرے گی کیونکہ جس طرح بلوچستان کے عوام نے جمعیت پر اعتماد کا اظہار کیا اسی طرح اگست میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں بھی جمعیت کامیابی سے ہمکنار ہونگے انہوں نے کہاکہ مشکل فیصلو ں کے بعد اچھا وقت بھی آئے گا مشکل فیصلے ہماری مجبوری ہے ہم محنت سے کام کرینگےانہوں نے افغانستان میں زلزلے سے ہلاکتوں پر افسوس کا اظہار بھی کیا۔