عوام دوست بجٹ پیش کرنیکاسہر اقدوس بزنجوکےسرہے،سینیٹرعبدالقادر

23 جون ، 2022

اسلام آباد (پ ر ) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما و چیئرمین اسٹینڈنگ کمیٹی پٹرولیم وریسورسز سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کو عوام دوست اور بیلنس بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد دیتے ہیں ، معاشی بحران کے باوجود اس سے بہتر بجٹ پیش کرنا ممکن نہیں تھا۔ ایک بیان میں سینیٹر محمد عبدالقادر نے کہا کہ یہ وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کی کامیابی ہے کہ انہوں نے تمام سٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا اور بلوچستان کے تمام حلقوں خصوصاً اپوزیشن کے حلقوں کو فنڈز کی فراہمی میں ترجیحات میں رکھا۔ بلوچستان میں ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے سبز انقلاب آئے گا ۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے تمام حلقوں کو برابری کی بنیاد پر فنڈز دیئے ہیں اب بلوچستان کے منتخب نمائندوں اور سرکاری افسروں کی ذمہ داری ہے کہ جو فنڈز جس ترقیاتی منصوبوں کے لئے دیئے گئے ہیں ان کو احتیاط سے خرچ کریں تاکہ وزیراعلیٰ بزنجو کا ترقی یافتہ بلوچستان کا وژن آگے بڑھ سکے اور ترقی کے ثمرات سے صوبے کے عوام فائدہ اٹھا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام دوست بجٹ پیش کرنے کا سہرا وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو کے سر جاتا ہے اور خوشی کی بات یہ ہے کہ صوبائی بجٹ کو تمام سٹیک ہولڈرز نے تسلیم کیا ہے جو مستقبل میں بلوچستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے سب سے اہم ثابت ہوگا۔