سینئر دوستوں اورکارکنوں کی مشاورت سے فیصلے کرینگے‘ سردارصالح بھوتانی

23 جون ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر سینئر صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ سینئر دوستوں اور کارکنوں کی مشاورت سے پارٹی کو فعال کرنے کے حوالے سے فیصلے کئے جائیں گے،کونسل سیشن میں کونسلرزکی جانب سے پارٹی کا بلامقابلہ صوبائی صدر منتخب کرنے پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں یہ بات انہوں نے بدھ کو بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں پارٹی کارکنوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی اس موقع پر سابق مرکزی آرگنائزنگ سیکرٹری وزیراعلیٰ کے پولیٹیکل سیکرٹری ملک خدا بخش لانگو ، روز جان اے خان ، سابق وزیرتعلیم طاہر محمود خان ، شاہ زمان غلزئی ، چوہدری شبیر ، نورخان ترین ایڈووکیٹ ، خواتین ونگ کی سینئر رہنما روبینہ شاہ ، ثمینہ ملک ، سمیراخان ، انتیا انعم اور فرینہ خٹک سمیت دیگر بھی موجود تھے سردار محمد صالح بھوتانی نے کہا کہ کارکن پارٹی میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں انہیں انکا جائز مقام ہر صورت دلائیں گے ورکرز کیلئے ویلفیئر فنڈز قائم کردیا گیا ہے کارکنوں کے جائز مسائل کے لئے ہر فورم پر آواز اٹھاوں گا پارٹی کے کونسلرز اور کارکنوں نے مجھ پر جس اعتماد کا اظہار کیا انہیں یقین دلاتا ہوں کے ان کے اعتماد کو ٹھیس نہیں پہنچاوں گا اہم سیاسی شخصیات نے بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کے لئے رابطے کئے ہیں اور وہ جلد بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت اختیارکریں گی۔