موٹر وے، پوائنٹ سسٹم متعارف، ڈی میرٹ پوائنٹس پر ڈرائیونگ لائسنس معطل

23 جون ، 2022

کراچی (نمائندہ جنگ) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے پاکستان میں انٹرنیشنل معیار کے مطابق ڈی میرٹ پوائنٹ سسٹم متعارف کروادیا، جس کے تحت قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر 2سال میں 20ڈی میرٹ پوائنٹس حاصل کرنے والے ڈرائیورکا لائسنس معطل کردیا جائے گا، اس قانون پر منگل سے فوری عمل ہوگا، جس میں اوور اسپیڈ کے مرتکب ڈرائیور کو 6ڈی میرٹ پوائنٹ، اوور لوڈنگ پر بھی 6اور غیر قانونی لائٹس استعمال کرنے والے ڈرائیور کو4ڈی میرٹ پوائنٹ دیے جائیں گے۔ انسپکٹر جنرل (آئی جی)نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس خالد محمود کے مطابق یہ سسٹم ملک کے تمام اضلاع کے 80لاکھ سے زائد ڈرائیونگ لائسنسز کے قومی ڈرائیونگ لائسنس ڈیٹا بیس پر انحصار کرے گا، مختلف خلاف ورزیوں کے لیے ڈ ی میرٹ پوائنٹس کی وضاحت نیشنل ہائی ویز سیفٹی آرڈیننس 2000 شیڈول 11میں کی گئی ہے، اس قانون کے تحت جب ڈ ی میرٹ پوائنٹس 2 سال میں 20 سے تجاوز کر جائیں گے تومتعلقہ ڈرائیونگ لائسنس معطل کر دیا جائے گا، موٹروے پولیس افسران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے سابقہ چالانوں کا ریکارڈ قومی شناختی کارڈ، موبائل نمبر یا لائسنس نمبر کے ذریعے حاصل کرسکیں گے، یہ اقدام موٹروے پولیس کی شروع کردہ ’’NoMore‘‘ مہم کا ایک حصہ ہے، جس میں ٹیکنالوجی استعمال کرتے ہوئے جدید آلات سے لیس ا سپاٹرز،جدید اسپیڈ چیکنگ کیمروں، ڈرونزاور باڈی وارن کیمروں کا نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے موٹرویز اور ہائی ویز پر قوانین کی خلاف ورزیوں کو موثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکتا ہے، ڈ ی میرٹ پوائنٹ سسٹم نافذ کرنے کا مقصد موٹروے پولیس کے قوانین کے یکساں اور موثر نفاذ کے طریقہ کار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کرنا ہے تاکہ ہماری قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر قابو پایا جا سکے اور حادثات کی شرح میں نمایا ں کمی لائی جا سکے۔