آئی ایم ایف مذاکرات میں کا میابی کی اطلاعات ،ڈالر2روپے تک سستا،211کا ہوگیا

23 جون ، 2022

کراچی ( نمائندہ جنگ) آئی ایم ایف سے مذاکرات کا میاب ہو نے کی اطلاعات کے مثبت اثرات ،روپے کی قدر میں کمی کا رحجان تبدیل ،بدھ کو انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت 1.25 روپے تک اور اوپن مارکیٹ میں2 روپے گھٹ گئی ،یورو بھی 4 روپے اور پاؤنڈ 5 روپے سستا ہو گیا ، فاریکس ایسوسی ایشن کی جاری کردہ رپورٹ کے مطابق بدھ کو مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی کا تسلسل تھم گیا اور روپے کے مقابلے پر انٹر بینک میں ڈالر کی قیمت خرید 1.25 روپے کی کمی سے 211.75 روپے سے کم ہو کر 210.50 روپے اور قیمت فروخت ایک روپے کی کمی سے 212.00 روپے سے کم ہو کر 211.00 روپے ہو گئی ، اوپن مارکیٹ میں بھی 2 روپے کی کمی سے ڈالر کی قیمت خرید 213.00 روپے سے کم ہو کر 211.00 روپے اور قیمت فروخت 214.00 روپے سے کم ہو کر 212.00 روپے ہو گئی ، فاریکس رپورٹ کے مطابق بدھ کو یورو کی قیمت میں4 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی جس کے بعد یورو کی قیمت خرید 223.00 روپے سے کم ہو کر 219.00 روپے اور قیمت فروخت 226.00 روپے سے کم ہو کر 222.00 روپے ہو گئی جبکہ برطانوی پاؤنڈ کی قیمت خرید بھی 5 روپے کی کمی سے 260.00 روپے سے کم ہو کر 255.00 روپے اور قیمت فروخت 263.00 روپے سے کم ہو کر 258.00 روپے ہو گئی۔