شہید عثمان نے قومی حقوق کیلئے نہایت بہادری کیساتھ جدوجہد کی ‘پشتونخوامیپ

23 جون ، 2022

کوئٹہ( پ ر) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے سیکرٹری جنرل مختیار خان یوسفزئی نے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کو پشتون قومی سیاسی تحریک اور پشتونخوامیپ کے ایک مبارز قومی رہنماء کی حیثیت سے ان کے پر افتخار تاریخی کردار اور عظیم قومی خدمات وقربانیوں پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پارٹی کارکنوں اور وطن پال پشتون افغان عوام نے کوئٹہ میں ان کی یاد میں تاریخی اجتماع کا انعقاد کرکے ان کا حق ادا کیا ہے ۔ پشتونخوامیپ شہداء کی جماعت ہے، قافلہ آزادی کے عظیم سالار خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کی شہادت ، توبہ اچکزئی کے شہداء ، ظریف شہید، گلستان اور قلعہ عبداللہ کے شہداء ، اکتوبر اور اپریل پشتون آباد کے شہداء سے لیکر ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی شہادت تک ہمارے قومی رہنماؤں کی شہادتوں کے ہر اقدام پر پشتون دشمن حکمرانوں کا خیال تھا کہ پشتون قومی تحریک ختم ہوگئی لیکن عظیم شہداء کو ہم سے جدا کرنے کے باوجود نہ پشتون قومی تحریک ختم ہوئی اور نہ ہی ہماری غیور ملت اور قومی تحریک کے بہادر کارکنوں کے حوصلوں کو توڑا جاسکا اور نہ خوفزدہ کیا جاسکے۔ آج بھی ہمارا ہر سرباز کارکن خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی اور ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی راہ پر گامزن ہے۔ وہ ہاکی گراؤنڈ میں ملی اتل ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی پہلی برسی کے جلسے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ اپنے قومی اہداف کے حصول تک کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی اور ہم نے اس ملک کے آئین اور قانون کا احترام کیا ہے اس ملک میں بہت ساری ایسی قوتیں ہیں جو اس ملک کے آئین اور قانون کی کھلے عام خلاف ورزی کرتی رہی ہیں لیکن ان پر کوئی قدغن نہیں جبکہ ہمارے رہنماؤں وکارکنوں کا برحق قومی مطالبات پر خون ناحق بہایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے حکمرانوں نے اقوام وعوام پر ملکی تاریخ کا سب سے تباہ کن معاشی بحران مسلط کیا ہے جس کے نتائج انتہائی خطرناک ہونگے۔ آج پشتون عوام کی تباہ حالی اور محرومی کی جو حالت ہے وہ انتہائی اذیت ناک اور ناقابل برداشت ہے۔پشتونوں کو متحدہ اور خودمختار قومی صوبے کے آئینی حق سے محروم رکھا گیا ہے ۔ پشتونخوا وطن رزق وروزگار کے قدرتی وسائل اور نعمتوں سے مالا مال ہے لیکن ہم کو بحیثیت قوم دو وقت کی روٹی میسر نہیں۔ پشتونخوا وطن کے دریاؤں کے پانی وبجلی ،گیس وپیٹرول سمیت مختلف اقسام کی معدنیات کے ذخائر پر استعمار گروں کا قبضہ قائم ہے اور پشتون عوام کو اپنے وطن کے قدرتی وسائل پر قومی حق ملکیت حاصل نہیںبلکہ ہمیں محنت مزدوری کے مواقع بھی میسر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہید عثمان خان نے زمانہ طالب علمی سے شہادت تک قومی حقوق واختیارات کے حصول کیلئے نہایت ہی بہادری کے ساتھ جدوجہد کی اور اپنی زندگی قومی نجات کیلئے وقف کی تھی ۔ عثمان خان کی شہادت کے ملی سانحہ پر پشتونخوا وطن میں ہمارے عوام کے قہر وغضب کے ایسے حالات پیدا ہوئے اگر پارٹی رہبر محمود خان اچکزئی ہمارے قومی تحریک کے کارکنوں اور عوام کو قابو نہ کرتے تو پشتون دشمن استعمارگروں کو ایسا جواب دیا جاتا جو وہ ہمیشہ یاد رکھتے ۔ انہوں نے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کی سرفروشانہ جدوجہد کو قومی تحریک کا ایک اہم باب قرار دیا ۔سینئر ڈپٹی چیئرمین عبدالرحیم زیارتوال نے پشتون قوم ،تمام پارٹی اورحاضرین جلسہ کی نمائندگی سے ملی شہید عثمان خان کاکڑ کو ان کی قومی ،سیاسی ، جمہوری جدوجہد پر انہیں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پشتون قومی تحریک اور پشتونخوامیپ نے ملی شہید کی شہادت کے سانحہ سے لیکر ان کی پہلی برسی تک ان کی یاد کو نہایت ہی عزت واحترام کے ساتھ تازہ رکھا اور ان کی عظیم قومی خدمات اور جدوجہد کو ہمیشہ احترام کے ساتھ تازہ رکھے گی۔ انہوں نے کہاکہ عثمان خان شہید کی پہلی برسی ایسے حالات میں منارہے ہیں کہ ایک طرف افغان غیور ملت کو آزاد اور تاریخی افغانستان کی ملی ریاست اور ملی اداروں کو المناک بحران کا سامنا ہے اور دوسری طرف ہمارے حکمرانوں نے اس ملک کو اپنے تاریخ کے بدترین معاشی بحران سے دوچار کیا ہے اور پشتون افغان ملت کے خلاف ہر محاذ پ سازشوں کا سلسلہ جاری ہے اور پاکستان اور ایران کی جانب سے افغانستان میں مداخلت وجارحیت نے خطے کے لئے سنگین خطرات پیدا کئے ہیں جو قابل تشویش ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ پاکستان ڈیموکریکٹ موومنٹ کی اتحاد کی اہم رکن ہے اورآج اس ملک میں PDMاور اپوزیشن جماعتوں کی حکومت قائم ہے لیکن یہ ضروری ہے کہ ملک کی دو بڑی سیاسی جماعتوں اور پی ڈی ایم کی دیگر جمہوری پارٹیوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ پی ڈی ایم کے 26نکاتی اعلامیہ کی کوئی خلاف ورزی نہ ہو انہو ں نے کہا کہ پارٹی بنوں کے تاریخی قومی جرگے کے اعلامیہ پر عملدرآمد کیلئے سرگرم عمل ہے ۔ مرکزی سیکرٹری اطلاعات ونشریات رضا محمد رضا نے کہا کہ ملی شہید عثمان خان کاکڑ نے پشتون افغان ملت کے قومی ارمانوں کی تکمیل کیلئے اپنی زندگی قربان کی اسی طرح پشتونخوامیپ پشتون قومی تحریک ، پشتون افغان عوام اور تمام وطن پال جمہوری قوتوں نے ملی شہید کو جس محبت واحترام کے ساتھ ان کی تاریخی قومی خدمات اور عظیم قربانیوں پر زبردست خراج عقیدت پیش کرکے ایک قومی مبارز ہیرو کی حیثیت سے بلند وبالا مقام دیکر شہید کا حق ادا کیا ہے۔ مرکزی سیکرٹری عبیدا للہ بابت نے شہید عثمان کاکڑ کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ آج ملی شہید کی پہلی برسی کے موقع پر عظیم الشان جلسے کا انعقاد پارٹی عہدیداروں ، کارکنوں اور غیور عوام کی اس میں بھرپور شرکت قابل تحسین ہے جنہوں نے ملی شہید کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے اپنے تاریخی جوش وجذبے کا مظاہرہ کیا ۔ جبکہ عثمان لالا کا خلاء کبھی پرنہیں ہوگا۔