انہیں خوف تھا میں جنرل فیض کو آرمی چیف لانا چاہتا ہوں ،ان کا مستقبل تباہ ہوجائیگا ،عمران خان

23 جون ، 2022

اسلام آباد(ایجنسیاں)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ انہوں نے کبھی میرٹ کی خلاف ورزی نہیں کی، نومبر کا مہینہ آتا تو وہ میرٹ پر آرمی چیف کی تقرری کرتے‘ ان لوگوں کے ذہن میں خوف آگیا تھا کہ میں جنرل فیض کو لانا چاہتا ہوں‘ ان کو خوف تھا کہ ایسا ہوا تو ان کا مستقبل تباہ ہوجائے گا‘ تصور بھی نہیں کرسکتا تھا کہ شہباز شریف کو وزیراعظم بنادیا جائے گا‘امریکا کا مخالف نہیں ہوں‘چاہتا ہوں امریکا ٹشوپیپرکی طرح استعمال نہ کرے‘اگر امریکا کی شرائط کومانیں گے تو نظریہ پاکستان کو دفن کرنا پڑیگا‘اگر گھر پر ڈاکہ پڑے تو کیا چوکیدار نیوٹرل ہوسکتا ہے؟ ۔ سابق وزیراعظم عمران خان کا سیمینار سے خطاب میں کہنا تھا کہ امریکا جمہوریت نہیں اپنے مفاد کیلئے دوسرے ملکوں کی حکومتیں تبدیل کرتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ یہ کہتے ہیں عمران خان اپنا آرمی چیف رکھوائے گا، کبھی بھی نہیں سوچا تھا کہ کس کو آرمی چیف بناؤں گا‘میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ اپنا آرمی چیف لاؤں گا، اداروں کا تو قتل عام ہورہاہے ۔ زرداری اور نواز شریف ہمیشہ ایک دوسرے کے بارے میں سچ کہتے تھے، مجھے کبھی شک نہ تھا کہ جب اقتدار میں آؤں گا تو یہ اکھٹے ہوجائیں گے،ان کو ڈر فوج سے آئی ایس آئی سے ہوتا ہے، ان کو پتا ہوتا ہے کہ ان کی چوری پکڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اپنی چوری نہیں بچانی، اپنا کوئی آرمی چیف نہیں لانا‘ وزیرستان میں جب فوج بھیجی گئی تو میں نے مخالفت کی تھی،جس جگہ ایک فوجی یا ایک چوکی نہیں تھی وہاں فوج بھیج کر ظلم کیا گیا۔