کوئٹہ اور لسبیلہ میں بلدیاتی انتخابات 28 اگست کو ہونگے، شیڈول جاری

23 جون ، 2022

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کوئٹہ اور لسبیلہ سمیت بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا شیڈول جاری کردیا انتخابات 28 اگست کو ہونگے ، 31 اگست کو نتائج جاری کیے جائیں گے ،بدھ کو الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ضلع کوئٹہ ، لسبیلہ اور پہلے مرحلے میں موسیٰ خیل ، مستونگ ، جعفر آباد ، ژوب ، چاغی کے جن حلقوں میں انتخابات نہیں ہوسکے تھے وہاں انتخابات کے لئے ریٹرننگ آفیسرز 6 جولائی کو پبلک نوٹس جاری کریں گے 14 سے 18 جولائی تک کاغذات نامزدگی جمع کرائے جا سکیں گے ، 19 جولائی کو نامزد امیدواروں کی فہرست شائع جبکہ 23 جولائی تک ریٹرننگ افسران کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے 2 اگست تک اپیلیں نمٹائی جائیں گی ، 3 اگست کو امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست جاری کی جائیگی 4 اگست تک کاغذات نامزدگی واپس لئے جاسکیں گے ، 5 اگست کو امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ ہوں گے 28 اگست کو پولنگ ہوگی اور 31 اگست تک نتائج جمع کرکے جاری کئے جائیں گے۔