ہرنائی: سیلابی ریلے میں بہہ جانیوالی بچی اور خاتون کی لاش مل گئی، ایک خاتون تاحال لاپتہ

23 جون ، 2022

ہرنائی (نامہ نگار+ایجنسیاں) ہرنائی و گردونواح اورپہاڑی سلسلوں زندہ پیر، پیرو کچی، طورخان، تنگی، طورشور میں گزشتہ روز شدید طوفانی بارشوں اور ندی نالوں میں سیلابی ریلے آنے سے ہرنائی یونین کونسل اسپین تنگی کے علاقے کلی سیڑی میں دو خواتین، ایک دس سالہ بچی سمیت چار افراد سیلابی ریلے میں بہہ گئےمقامی لوگوں نے سیلابی ریلے میں بہہ جانے والی خواتین، بچی اور مرد کی تلاش شروع کی اورایک شخص کو تقریباً دوگھنٹے بعد ریلے سے زندہ نکالنے میں کامیاب ہوگئے ،دس سالہ بچی کی لاش کو گزشتہ رات تین بجے اورخاتون کی لاش 24گھنٹے بعد سبی کے علاقے کٹ منڈائی کی ندی سے نکال لی گئی،جبکہ ایک خاتون ابتک لاپتہ ہے۔ سیلابی ریلے میں بہہ جانے والے افراد کی تلاش کیلئے اسپین تنگی کے تقریباً چار سو سے زائد نوجوان گزشتہ رات بہہ جانے والے افراد کو تلاش کررہے ہیں، ایک مرد کو زندہ اورایک بچی اور خاتون کی لاش نکالی گئی جبکہ ایک خاتون ابتک لاپتہ ہے جس کی تلاش جاری ہے۔اس کے علاوہ شدید سیلابی ریلوں سے ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمد رفت مکمل طورپر معطل ہے ،ہرنائی پنجاب قومی شاہراہ تنگی ور تھا بائیس سیلابی ریلوں نے شدید نقصان پہنچایااور بہت بڑا حصہ سیلابی ریلے بہہ گیا۔درایں اثناء دکی میں ترکھان چینہ کے علاقے کل ندی میں بہہ جانے والی خاتون ردی گلہ کی لاش بیس گھنٹے بعد جھالار ندی سے برآمد کرلی گئی ۔ پولیس کے مطابق ندی میں سیلابی ریلے کے بہائو میں کمی آنے کی وجہ سے لاش ملنے میں کامیابی ملی۔مقامی لوگوں اور لیویزرسالداراسراراحمدترین نے جائے وقوعہ سے لاش نکال کر ورثاء کے حوالے کردی ۔واضح رہے کہ کل ترکھان چینہ میں لکڑیاں جمع کرتے ہوئے خاتون سیلابی ریلے میں بہہ گئی تھی۔