پاک قازقستان تعلقات کو مزید مستحکم بنایا جائیگا‘ قائم مقام گورنر

23 جون ، 2022

کوئٹہ (خ ن)قائم مقام گورنر بلوچستان میر جان محمد جمالی سے پاکستان میں تعینات قازقستان کے سفیرنے ملاقات کی، ملاقات کے دوران پاکستان اور قازقستان کے درمیان خوشگوار برادرانہ تعلقات اور خطے کی تازہ ترین صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر قائم مقام گورنر میر جان محمد جمالی نے کہا کہ خطے کے مفاد کے پیش نظر دونوں برادر ممالک کے مشترکہ روشن مستقبل کو یقینی بنانے کیلئے باہمی تعاون اور افہام و تفہیم کی اشد ضرورت ہے۔پاکستان، قازقستان کے درمیان خوشگوار تاریخی، ثقافتی اور اقتصادی تعلقات قائم ہیں اور دونوں برادر ممالک کے درمیان کئی شعبوں میں تعاون اور تعلقات بڑھانے کے روشن امکانات بھی موجود ہیں، دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں پاکستان اور قازقستان کے مابین تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ بعدازاں مہمانان گرامی کے درمیان یادگاری شیلڈز کا تبادلہ ہوا اور قازقستان کے سفیر کے اعزاز میں گورنر ہاؤس کوئٹہ میں ظہرانہ دیا گیا۔