اپنے لوگوں کیساتھ ہڑتال پر بیٹھ جائینگے ،وفاقی حکومت بلوچستان کو کوٹے کے مطابق بجلی فراہم کرے ، وزیر اعلیٰ بزنجو

23 جون ، 2022

کوئٹہ(خ ن)وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو سے بلوچستان زمیندار ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی ،صوبائی و زراء میر محمد خان لہڑی عبدالرشید بلوچ اراکین اسمبلی ملک نصیر شاہوانی اصغر خان ترین عزیرالرحمٰن آغا سیکرٹری توانائی اور چیف انجینئر آپریشن کیسکو بھی ملاقات میں شریک تھے، وفد کی جانب سے وزیراعلیٰ کو بجلی کے مسائل سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے آگاہ کیا گیاکہ بجلی نہ ہونے کی وجہ سے زمینداری تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہےاور زمینداروں کو بھاری مالی نقصان پہنچ رہاہے،وفد نے بتایا کہ ضلع پشین اور قلعہ عبداللہ میں بجلی کا شدید بحران ہےاس سیزن میں فصلوں اور باغات کو پانی کی ضرورت ہوتی ہے تاہم بجلی کی عدم دستیابی کے باعث زراعت کے لئےپانی دستیاب نہیں ہے اور زراعت کے شعبہ سے وابستہ لاکھوں افراد کے بےروزگار ہونے کا خطرہ ہے،وفدنے بتایا کہ اپنے حصے کے واجبات کی ادائیگی اور طے شدہ معاہدے کے باوجود زمیندار وں کو بجلی نہیں دی جارہی جبکہ وولٹیج نہ ہونے سے ٹیوب ویلوںکی مشینری جل جاتی ہے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نےکہا کہ بلوچستان کے زمینداروں کو بجلی نہ ملنا بہت بڑی زیادتی ہے،صوبائی حکومت اپنے وسائل سے کیسکو کو گرڈ اسٹیشن کی تعمیر اور بجلی کے دیگر منصوبوں کے لئے فنڈنگ کرتی ہے اور صوبائی حکومت سبسڈی کی مد میں بھی اربوں روپے دے رہی ہے، انہوں نے کہا کہ زرعی ٹیوب ویلوں کی آڑ میں بجلی کی چوری اور لائن لاسز بھی سبسڈی کی مد میں ڈالے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ کیسکو کے پیدا کردہ مسائل سے صوبے کا ماحول خراب ہوتا ہےاور زمیندار ہڑتالوں اور دھرنے پر مجبور ہو جاتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ہم بھی اپنے لوگوں کے ساتھ ہڑتال اور دھرنے پر بیٹھ جائیں گے ،وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ بلوچستان کو اسکے کوٹے کے مطابق بجلی دی جائے،وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم اور وفاقی وزیر توانائی سے صوبے کی بجلی کے کوٹے پر عملدرآمد کےلئےجلد ملاقات کرونگا، ملاقات میں وزیراعلیٰ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے پر اتفاق کیا گیا کمیٹی بجلی کے حوالے سے وفاقی حکومت سے با ت چیت کریگی ، انہوں نے کہا کہ بجلی کے مسئلے کے فوری حل کی ضرورت ہےچیف انجینئر کیسکو کی جانب سے پشین اور قلعہ عبداللہ کے لئے 6 گھنٹے بجلی کی فراہمی کی یقین دہانی کرانے پر زمیندار ایکشن کمیٹی نے احتجاج موخر کر نے کا اعلان کر دیا۔