قبائلی خاتون درو پدی مرمو بھارت کی نئی صدر ،انتخاب یقینی

23 جون ، 2022

نئی دہلی (جنگ نیوز ) حکمراں جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی نے بھارت کے نئے صدر کیلئے ہونے والے انتخاب میں دروپدی مرمو کو اپنا امیدوار نامزد کردیا۔ اگر وہ کامیاب ہوگئیں تو ملک کی پہلی قبائلی اور دوسری خاتون صدر ہوں گی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی نے صدارتی الیکشن کے لیے جھاڑکھنڈ کی سابق گورنر اور بی جے کی سرگرم رکن دروپدی مرمو کو امیدوار نامزد کیا ہے۔ دروپدی مرمو کا تعلق اوڈیشہ سے اور وہ بی جے پی کے سیاسی اتحاد نیشنل ڈیموکریٹک الائنس کی مشترکہ امیدوار ہیں۔بھارتی پارلیمان اور ریاستی اسمبلیوں میں بی جے پی اراکین کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس بات کا قومی امکان ہے کہ دروپدی مرمو صدر منتخب ہوجائیں گی۔بھارت کی پہلی خاتون صدر کانگریس کی پرتبھا پاٹل تھیں۔بی جے پی کی صدارتی امیدوار دروپدی مرمو کا مقابلہ اپوزیشن کے امیدوار سابق وفاقی وزیر یشونت سنہا سے ہوگا۔ موجودہ بھارتی صدر رام ناتھ کووند کے عہدے کی مدت 25 جولائی کو پوری ہو رہی ہے۔