قومی اسمبلی ، شمالی وزیرستان میں دہشتگردی واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ

23 جون ، 2022

اسلام آ باد (نمائندہ جنگ)قومی اسمبلی میں جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر مولانا عبدالاکبر چترالی نے شمالی وزیرستان میں چند روز قبل دہشتگردی کے واقعہ کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے، بدھ کو نکتہ اعتراض پر انہوں نے کہا کہ شمالی وزیرستان میں دردناک واقعہ ہوا ہے، دہشتگرد پھر سر اٹھا رہے ہیں اور ملک میں انارکی اور بے چینی ہے کا خدشہ ہے، پشاور میں بھی ایک دکاندار سے دن دیہاڑے 50 ہزار روپے لوٹ لئےگئے، اسلام آ باد میں بھی ڈکیتی کی وارداتیں ہو رہی ہیں،وزارت داخلہ کارروائی کرے ، جب تک امن نہیں ہوگا ملک ترقی نہیں کر سکے گا،ڈی چوک کا نام امن چوک رکھ دیا جائے ‘جس نے اعلان کیا ہے اس نے پتہ نہیں کب آ نا ہے۔ جی ڈی اے کی سائرہ بانو نے وزراء اور ارکان اسمبلی کی ایوان میں موجودگی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ، نکتہ اعتراض پر سائرہ بانو نے کہا کہ ایوان کی بیشتر نشستیں خالی ہیں اور یہ اقدام پارلیمنٹ کی بے توقیری کا باعث ہے میں خالی نشستوں کی نشاندہی کروں یا سینہ کوبی کروں، الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود ارکان بلدیاتی انتخابات کی مہم میں حصہ لے رہے ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے چوہدری فقیر احمد نے اپنے حلقہ میں 12 سالہ بچی کے اغوا، زیادتی اور قتل کے واقعہ پر آئی جی پنجاب سے رپورٹ طلب کرنے کا مطالبہ کیا ۔