عارضی مویشی منڈیاں عید سے 10روز قبل شروع ہونگی:ڈپٹی کمشنر وہاڑی

23 جون ، 2022

وہاڑی (نمائندہ جنگ، نامہ نگار) ڈپٹی کمشنر میاں محمد رفیق احسن کی صدارت میں عیدالاضحی کے انتظامات کے سلسلہ میں اجلاس ہوا،جس میں قربانی کے جانوروں کیلئے عارضی مویشی منڈیوں، شہروں اور قصبوں کی صفائی ستھرائی،قربانی کے جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور تلف کرنے کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لیا گیا،ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عارضی مویشی منڈیوں کو لگانے کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جائے عارضی مویشی منڈیاں عیدالاضحی سے 10روز قبل شروع کر دی جائیں گی ان منڈ یوں میں محکمہ لائیو سٹاک، صحت،زراعت کے کیمپ لگائے جائیں گی کنٹرول روم بنایا جائے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرکے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے گی خرید و فروخت کیلئے آنے والے لوگو ں کیلئے سائے اور پینے کے پانی کا انتظام ہونا چاہیے جانوروں کیلئے بھی پینے کے پانی اور چارے کا مکمل انتظام کیا جائے عارضی مویشی منڈیوں میں لائٹنگ اور صفائی کے بھی خصو صی انتظامات ہونے چاہئیں،منڈی میں آنے والے جانوروں کو چیک کیا جائے گا، کانگو وائرس اور لمپی سکن کے حوالے سے مانیٹرنگ کی جائے گی،عید کے موقع پر شہروں اور قصبوں میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات ہونے چاہئیں۔