یوٹیلیٹی سٹور پر مصالحے ،ٹوتھ پیسٹ ،ماچس سمیت کئی اشیاءکی قیمتوں میں اضافہ

23 جون ، 2022

اسلام آباد(کامرس رپورٹر)یوٹیلیٹی سٹورز پر دالوں،مصالحہ جات، ٹوتھ پیسٹ، ماچس سمیت کئی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کردیا گیا ہے،یوٹیلیٹی سٹورز پر چنےکی دال کی قیمت 162 سے بڑھا کر 190 روپے ، سفید چنےکی قیمت 215 سے بڑھا کر 300 روپے ، دال مسور کی قیمت 215 سے بڑھا کر 270 روپے کلو کر دی گئی،صابن کی قیمت میں 10 سے 30 روپے تک اضافہ کر دیا گیا، واشنگ پاؤڈرکی قیمت 10 سے 30 روپے فی کلو تک بڑھا دی گئی،ترجمان یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن کے مطابق مختلف دالوں کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے، یہ اضافہ رمضان المبارک کے بعد کیا جارہا ہے، ان اشیاء کی قیمتیں گزشتہ سال ستمبر سے مستحکم رکھی گئی تھیں، یوٹیلیٹی سٹورز پر وفاقی حکومت کی سبسڈی جاری ہے،یوٹیلیٹی سٹورز عوام کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے سستے داموں اشیائے خوردونوش کی فراہمی کو یقینی بناتا رہے گا، ترجمان کے مطابق یوٹیلیٹی سٹورز کو سامان سپلائی کرنیوالے 30 برانڈڈ کمپنیوں نے 952 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ کیا ہے ، یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن خود مینوفیکچرنگ یا پروڈکشن نہیں کرتا اور عام مارکیٹ سے خریداری کرتا ہے، جب عام مارکیٹ میں قیمتیں بڑھتی ہے تو یوٹیلیٹی سٹورز کو بھی قیمتوں پر نظر ثانی کرنا پڑتی ہےتاکہ طلب ورسد میں بہتری آئے اور ان مصنوعات کی دستیابی ممکن ہو،اس کے باوجود یوٹیلیٹی سٹورز پر عزم ہے کہ عوام کو بنیادی اور برانڈڈ اشیاء اوپن مارکیٹ سے کم نرخوں پر مہیا کرتا رہے گا، یوٹیلیٹی سٹورز پر ان اشیاء کی نئی قیمتیں پرنٹڈ ریٹیل مارکیٹ پرائس سے کم ہونگی، ملک بھر کے تمام یوٹیلیٹی سٹورز پر سبسڈائزڈ گھی عام مارکیٹ سے 250 روپے فی کلوگرام، چینی 25 سے 35روپے فی کلو اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 700 روپے سستے ہیں،سفید چنا مارکیٹ کی نسبت 20-40 روپے فی کلواور دال چنا کی قیمت 15-20روپے فی کلو کم ہے اسی طرح دال مسورکے نرخ 30 سے 40روپے فی کلوکم قیمت پر دستیاب ہیں ان دالوں پر 20روپے فی کلو سبسڈی بھی دی جارہی اسکے علاوہ یوٹیلیٹی سٹورز میں 1500 سے زائد دیگر اشیاء بھی عام مارکیٹ سے بارعایت فراہم کی جا رہی ہیں۔