پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا پنجاب کا ضمنی الیکشن مل کر لڑنے کا فیصلہ

23 جون ، 2022

لاہور(خصوصی نمائندہ)پنجاب کے 20 صوبائی حلقوں میں 17جولائی کو ہونے والے ضمنی انتخابات کیلئے پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن کی حمایت کا اعلان کردیا، پیپلز پارٹی کے امیدوار کاغذاتِ نامزدگی واپس لے لیں گے، (ن) لیگ نے ضمنی انتخابات کے لئے حمایت پر آصف زرداری اور بلاول بھٹو سے اظہارِ تشکر کیا ہے۔پیپلز پارٹی کے صوبائی وزیر سید حسن مرتضی کی صوبائی وزرا عطا اللہ تارڑ اور ملک احمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کی۔حسن مرتضی نے کہا کہ پنجاب کی 20 نشستوں پر ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی نے مسلم لیگ ن) کی حمایت کا اعلان کر دیا ہے، مستقبل میں پیپلز پارٹی اور ن لیگ انتخابی میدان میں سیاسی حریف ہی رہیں گی، مگر اس وقت ملکی ضرورت کے مطابق پیپلز پارٹی ن لیگ کے امیدواروں کی حمایت کرے گی۔حسن مرتضی نے کہاکہ تحریک انصاف کے لئے یہ الیکشن کافی مشکل ہوگا،کیونکہ عمران نیازی کی آن گرائونڈپوزیشن کوئی اچھی نہیں ہے،کل کاغذات نامزدگی واپس لینے کا آخری دن ہے،جہاں جہاں پیپلز پارٹی کے امیدواروں نے کاغذات جمع کروائے ہیں واپس لیں گے،وفاق اور پنجاب کے اندر ہماری مشترکہ حکومت ہے۔پنجاب کے صوبائی وزرا کی وزارتوں کا اعلان بجٹ پاس ہوتے ہی کر دیا جائیگا۔سینئر صوبائی وزیر حسن مرتضی نے کہا کہ ہم نے آئندہ الیکشن آمنے سامنے لڑنے ہیں،اس وقت ضرورت ہے کہ مل کر الیکشن لڑا جائے،اقتدار چھوڑ کر لوگ ہمارے ساتھ آئے تھے کیونکہ وہ عمران خان کا بوجھ اٹھا کر عوام میں نہیں جانا چاہتے تھے۔آج کی مہنگائی عمران خان کے غلط فیصلوں کا تسلسل ہے ،اور بھی فیصلے مل کر کریں گے، سابق گورنر پنجاب نے ہمارے پچاس دن ضائع کردیئے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں غیر جمہوری قوتوں کیخلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے،حکومت نے بجٹ میں عوام کو آٹے گھی اور دیگر اشیا پر ریلیف دیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے صوبائی وزیر عطا تارڑ نے کہا کہ آصف زرداری نے پنجاب کے ضمنی الیکشن میں سپورٹ کا اعلان کیا ہے جس پر انکے مشکور ہیں،عمران خان کو گھر بھیجنے میں آصف زرداری اور بلاول بھٹو کا کردار نہ ہوتا تو یہ سب ممکن نہ ہوتا۔انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی سپورٹ کے ساتھ ہم ضمنی الیکشن میں مزید مضبوط ہوں گے،تبدیکی سرکار کو چلتا کرنے میں آصف علی زرداری کی خندہ پیشانی کے بغیر ہم یہ کامیابی حاصل نہیں کر سکتے تھے۔ضمنی الیکشن میں ہر سیٹ پر پارٹی کی طرف سے رہنمائوں کو ٹارگٹ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو کہیں بھی مشکل پیش نہیں آئے گی،الیکشن کے ساتھ ساتھ وہ گورننس میں بھی ساتھ ساتھ چلے گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ضمنی الیکشن میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے،کسی کو اسلحہ ہاتھ میں لے کر چلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تمام امیدواروں کو پو لیس کے دو مسلح گاڈز یا ضرورت کے مطابق پولیس دے رھے ہیں۔صوبائی وزیر ملک احمد خان نے کہا کہ یہ الیکشن عمران خان کے لئے کافی مشکل ہے، کوشش ہے کہ بیس میں سے 20 سیٹیں جیت سکیں۔