ریکارڈ ترسیلات، وزیراعظم کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر

23 جون ، 2022

اسلام آباد( نیوز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیو ں نے ایک ہی دن میں 57 ملین ڈالروطن بھیج کرنیاریکارڈ قائم کیا ہے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں جمع کرائی جانےوالی رقوم 4.5 ارب ڈالر سےبڑھ گئی ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان اور وزیراعظم کے ٹویٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایک ہی دن میں ریکارڈ57 ملین ڈالر پاکستان بھجوا نے پر بیرون ملک پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز ایک دن میں سب سے زیادہ 57 ملین ڈالر سٹیٹ بینک کو موصول ہوئے ہیں ۔ یہ رقم بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ایک دن میں بھجوائی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ رقم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سکیم کی مکمل حمایت اور سرپرستی کررہی ہے ۔ ایک دن میں ریکارڈ رقوم بھجوانے پر بیرون ملک پاکستانیوں کا شکریہ ادا کرتے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں جن کے دل پاکستان کی محبت میں دھڑکتے ہیں ۔ بیرون ملک پاکستانی غیرملکی زرمبادلہ کے ذریعے ہمیشہ ملکی معیشت کی مضبوطی اور بہتری میں کردارادا کرتے ہیں ۔ آپ سے وعدہ ہے کہ موجودہ معاشی مشکلات کے بھنور سے نکل کر آپ کی امیدوں اور توقعات پر پورا اتریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ انہیں مکمل یقین ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی مستقبل میں بھی پاکستان کی مدد اسی پرخلوص جذبے سے کرتے رہیں گے۔ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی سہولت کیلئے موجودہ حکومت متعدد اقدامات کررہی ہے ۔ ہم آپ کی زندگیوں میں آسانیاں لانے کیلئے کوئی کسراٹھانہیں رکھیں گ،دریں اثنا شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو وسیع سرمایہ کاری کے ذریعے ایشیاء کا صنعتی مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز رائیل نووا پرائیویٹ لمیٹڈ کے بانی شاہ اور چئیرمین کے مشیر شیخ خالد محمد سلمان الخلیفہ سے بحرینی کمپنیوں کے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کہی ۔ ملاقات میں سرمایہ کاری بورڈ نے بحرینی وفد کے شرکاء کو پاکستان میں مختلف شعبوں خصوصا صحت، سیاحت، ہوٹل، مہمان نوازی، ہاؤسنگ، زراعت، خوراک اور انفارمیشن ٹیکنالوجی میں موجود سرمایہ کاری کے وسیع مواقع پرپریفنگ دی۔وفد کو بتایا گیا کہ پاکستان خطے میں اپنی سٹریٹیجک لوکیشن، نوجوان آبادی، ہنر مند افرادی قوت، بے شمار قدرتی وسائل اور کاروبار دوست ماحول کی وجہ سے سرمایہ کاری کیلئے مثالی جگہ ہے۔بحرینی وفد نے پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار مواقع سے بھرپور استفادہ کرنے کے عزم کا اظہار کیا، اور انہوں نے اگلے 6 ماہ میں ہوٹل اینڈ ہاسپیٹئلیٹی اور ہاؤسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے آغاز کا عندیہ دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے زراعت، ماہی گیری اور کنسٹرکشن کے شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کرنے کیلئےدلچسپی کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ بحرینی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر ہر ممکن سہولت فراہم کریں، اور اس سلسلے میں تمام وسائل احسن طریقے سے بروئے کار لائیں۔