اگرعسکری ادارہ نہ چاہتا تو ہماری حکومت نہیں گرتی،فواد چوہدری

23 جون ، 2022

کراچی(ٹی وی رپورٹ) پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری نے ایک انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرعسکری ادارہ نہ چاہتا تو ہماری حکومت نہیں گرتی،پاکستان کی سیاست میں اسٹیبلشمنٹ پلیئر ہے وہ کیسے نیوٹرل ہوسکتا ہے؟،فوج اور عدلیہ پاکستانی سیاست میں اے پولیٹیکل نہیں بلکہ پولیٹیکل پلیئر ہیں، پاکستان میں ایک بڑا طبقہ ہے جو کئی تبدیلیاں چاہتا ہے ،ایک انگریزی اخبار نے تو بھارت اور اسرائیل سے تعلقات کیلئے پوری مہم چلائی،اس قسم کی مہمات بڑی محنت سے چلائی جاتی ہیں ،لابیاں ہوتی ہیں اور کئی ممالک ایسی مہمات چلاتے ہیں ،نجم سیٹھی اور حسین حقانی کے موقف سب کو معلوم ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ رجیم چینج میں یہی ہوا تھا کہ آپ اقتدار میں آئے تو کیسز معاف ہوجائیں گے ،خرم دستگیر سے پوچھیں کس نے کہا تھا عمران خان اپنا آرمی چیف لگائیں گے اور کس نے آئندہ 10,15سال اقتدار میں رہنا تھا ۔چیف الیکشن کمشنر جب ریٹائرڈ ہونگے تو بہت سی باتیں پوچھی جائیں گی،چیف الیکشن کمشنر رجیم چینج کا حصہ ہیں انہوں نے انتخابات سے متعلق بیان کیوں بدلا سب سامنے آئے گا۔