ریکارڈ ترسیلات، وزیراعظم کا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے اظہار تشکر

23 جون ، 2022

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ بیرون ملک پاکستانیو ں نے ایک ہی دن میں 57 ملین ڈالروطن بھیج کرنیاریکارڈ قائم کیا ہے، روشن ڈیجیٹل اکائونٹ میں جمع کرائی جانےوالی رقوم 4.5 ارب ڈالر سےبڑھ گئی ہیں۔ وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان اور وزیراعظم کے ٹویٹ کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف نے ایک ہی دن میں ریکارڈ57 ملین ڈالر پاکستان بھجوا نے پر بیرون ملک پاکستانیوں کو خراج تحسین پیش کیا اور ان سے اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے کہاکہ گزشتہ روز ایک دن میں سب سے زیادہ 57 ملین ڈالر سٹیٹ بینک کو موصول ہوئے ہیں ۔ یہ رقم بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے ایک دن میں بھجوائی جانے والی اب تک کی سب سے زیادہ رقم ہے ۔ انہوں نے کہاکہ ہماری حکومت روشن ڈیجیٹل اکائونٹ سکیم کی مکمل حمایت اور سرپرستی کررہی ہے ۔،دریں اثنا شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کو وسیع سرمایہ کاری کے ذریعے ایشیاء کا صنعتی مرکز بنانا چاہتے ہیں۔ وزیر اعظم نے یہ بات گزشتہ روز رائیل نووا پرائیویٹ لمیٹڈ کے بانی شاہ اور چئیرمین کے مشیر شیخ خالد محمد سلمان الخلیفہ سے بحرینی کمپنیوں کے وفد کے ہمراہ ملاقات کے دوران کہی ۔