شرح سودمیں اضافہ امریکی کساد بازاری کا باعث بن سکتا ہے، پاول

23 جون ، 2022

واشنگٹن/ لندن /ریکجاوک(اے ایف پی) فیڈرل ریزرو کے چیئر جیروم پاول کا کہنا ہے کہ شرح سودمیں اضافہ امریکی کساد بازاری کا باعث بن سکتا ہے، دنیا کی سب سے بڑی معیشت کو ’غیر یقینی‘ عالمی ماحول کا سامنا؛ مزید افراط زر کے سرپرائزز دیکھ سکتی ہے، شرح سود میں اضافے سے دیگر جگہوں پر ایکویٹی اور تیل کی قیمتیں کساد بازاری کے بڑھتے خدشات پر گر گئیں، امریکی صدر جو بائیڈن نے کانگریس سے وفاقی گیس ٹیکس کو تین ماہ کے لیے معطل کرنے کا کہہ دیا، برطانوی سالانہ افراط زر 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، آئس لینڈ کے مرکزی بینک نے شرح سود میں ایک فیصد اضافہ کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تیزی سے شرح سود میں اضافے کا مقصد طلب کو ٹھنڈا کرنا اور افراط زر کو کم کرنا ہے لیکن فیڈرل ریزرو کے چیئر جیروم پاول نے اس خطرے کو تسلیم کیا کہ شرح سودمیں اضافہ امریکی کساد بازاری کا باعث بن سکتا ہے۔پاول نے سینیٹ کی بینکنگ کمیٹی کے سامنے گواہی دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارا مطلوبہ نتیجہ نہیں ہے لیکن یہ یقینی طور پر ایک امکان ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی سب سے بڑی معیشت کو ’غیر یقینی‘ عالمی ماحول کا سامنا ہے اور وہ مزید افراط زر کے سرپرائزز دیکھ سکتی ہے۔ جیروم نے زور دیا کہ امریکی مرکزی بینک بڑھتی ہوئی قیمتوں کی وجہ سے ہونے والی مشکلات کو سمجھتا ہے اور مہنگائی کو کم کرنے کے لیے پرعزم ہے جو 40 سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے ۔امریکی صدر جو بائیڈن نے کانگریس سے وفاقی گیس ٹیکس کو تین ماہ کے لیے معطل کرنے کا کہہ دیا کیونکہ اہم وسط مدتی انتخابات سے چند ماہ قبل آسمان کو چھوتی قیمتیں امریکیوں میں بڑے پیمانے پر غصے کا باعث بن رہی ہیں۔جو بائیڈن نے امریکی ڈرائیوروں کو چار دہائیوں میں سب سے زیادہ مہنگائی کا سامنا کرنے میں مدد کے لیے فیول ٹیکس میں عارضی وقفہ پیش کردیا لیکن ناقدین نے اسے مشکل وسط مدتی انتخابات سے قبل ایک غیر مقبول امریکی صدر کی جانب سے ونڈو ڈریسنگ کی کوشش قرار دیا۔ بائیڈن کانگریس سے فیڈرل فیول ٹیکس کو تین ماہ کے لیے معطل کرنے کے لیے کہہ رہے ہیں کیونکہ صدر ولادیمیر پوٹن کے یوکرین پر حملے اور اس کے نتیجے میں روس پر مغربی پابندیوں کے نتیجہ میں قیمتوں اور عام افراط زر میں اضافہ ہورہا ہے۔ اب تک ایسا لگتا ہے کہ کانگریس ہری جھنڈی دکھادے گی۔ انتظامیہ کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ وائٹ ہاؤس ستمبر تک پٹرول پر 18 سینٹ فی گیلن اور ڈیزل پر 24 سینٹ فی گیلن وفاقی ٹیکس اٹھانا چاہتا ہے اور ریاستی حکومتوں سے مطالبہ کرے گا کہ وہ اپنے ٹیکسوں کو معطل کریں تاکہ امریکی صارفین کو براہ راست ریلیف فراہم کیا جا سکے جو پوٹن کی قیمتوں میں اضافے سے متاثر ہوئے ہیں۔ وال اسٹریٹ کے اسٹاک میں اس وقت اضافہ ہوا جب یو ایس فیڈ کے سربراہ نے دہائیوں کی بلند افراط زر سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا لیکن مرکزی بینکوں کی جانب سے شرح سود میں اضافے کے باعث دیگر جگہوں پر ایکویٹی اور تیل کی قیمتیں کساد بازاری کے بڑھتے ہوئے خدشات پر گر گئیں۔ وال اسٹریٹ صبح کے اختتام تک ٹریڈنگ میں اعتدال سے زیادہ تھا جبکہ یورپی اور ایشیائی مارکیٹیں سرخ رنگ پر بند ہوئیں۔ فیڈرل ریزرو کے باس جیروم پاول نے امریکی قانون سازوں کے سامنے دو دن کی گواہی شروع کی۔